جمعہ 29 مارچ 2024

اگر فلو اور کورونا وائرس اکٹھے کسی کو نشانہ بنا دیں تو کیا ہوتا ہے؟ ماہرین نے پریشان کن انکشاف کردیا

اگر فلو اور کورونا وائرس اکٹھے کسی کو نشانہ بنا دیں تو کیا ہوتا ہے؟ ماہرین نے پریشان کن انکشاف کردیا
فوٹو :فائل

لندن(دھرتی نیوز) اگر کسی آدمی کو فلو اور کورونا وائرس ایک ساتھ لاحق ہو جائیں تو اس شخص کی کیا حالت ہو گی؟

اس حوالے سے ماہرین نے نئی تحقیق میں ایک تشویشناک انکشاف کر دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق برطانوی ماہرین نے بتایا ہے کہ اگر کسی آدمی کو فلو اور کورونا وائرس ایک ساتھ لاحق ہو جائیں تو اس کی موت ہونے کا خطرہ دو گنا سے زائد بڑھ جاتا ہے۔

ماہرین نے اس تحقیق میں کورونا وائرس کے لاکھوں مریضوں کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا اور نتائج مرتب کیے ہیں۔

ان نتائج میں یہ معلوم ہوا کہ کورونا وائرس کے جن مریضوں کو فلو بھی لاحق ہو گیا تھا ان میں شرح اموات بڑھ کر 43فیصد تک چلی گئی تھی، جو کہ ان مریضوں کی نسبت 2گنا سے زائد ہے جو صرف کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے تھے۔

ایسے لوگ جو بیک وقت ان دونوں بیماریوں میں مبتلا ہوئے ان میں سے ہر 100میں سے 43لوگ موت کے منہ میں چلے گئے۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں ماہرین کی اس تنبیہ سے پہلے ہی رواں سال فلو کی ویکسی نیشن بڑے پیمانے پر کرنے کا فیصلہ کیا جا چکا ہے۔

گزشتہ سال ڈیڑھ کروڑ لوگوں کو فلو کی ویکسین دی گئی تھی جو رواں سال متوقع طور پر 3کروڑ لوگوں کو دی جائے گی۔

Facebook Comments