جمعرات 25 اپریل 2024

وقارزکا: ٹک ٹاک والے زمین کی مخلوق نہیں، یہ دُم دار ستارے ہیں

وقارزکا: ٹک ٹاک والے زمین کی مخلوق نہیں، یہ دُم دار ستارے ہیں

کراچی (دھرتی نیوز) معروف ٹی وی میزبان وقار ذکاء کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک والے زمین کی مخلوق نہیں یہ دم دار ستارے ہیں، حکومت انہیں ماہرین نفسیات کے پاس بٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کی گرےلسٹ سے نکلنے کیلئے پاکستانیوں کو بھرپور طریقے سے آواز اٹھانا ہوگی۔

سوشل میڈیا پر اپنی ایک ویڈیو میں وقار ذکا نے کہا کہ انہیں بہت سے لوگوں کے پیغامات مل رہے ہیں کہ ٹک ٹاکرز میں بہت زیادہ ٹیلنٹ ہے، اس لیے وہ ان کا ٹیلنٹ چیک کرنے کیلئے یہ ویڈیو بنا رہے ہیں۔ وقار ذکاء نے مختلف ٹک ٹاکرز کی ویڈیوز چلائیں اور ان پر ری ایکشن دیا۔ کئی ویڈیوز دیکھنے کے بعد وقار ذکا اس نتیجے پر پہنچے کہ ٹک ٹاکرز کو باہر نہیں ہونا چاہیے بلکہ انہیں اندر کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑے پاگل ہیں، یہ زمین کی مخلوق نہیں ہے، سارے دُم دار ستارے ہیں، حکومت سے درخواست ہے کہ ان کے اتے پتے نکالے جائیں اور انہیں گھر سے پکڑ کر ماہرین نفسیات کے پاس بٹھایا جائے، اگر ایسا نہ ہوا تو ٹک ٹاک بند ہوئی ہے تو یہ کسی اور چیز پر آجائیں گے، انہیں اندر ہونا چاہیے، یہ یہاں پر نہیں رہنے چاہئیں کیونکہ اگر یہ باہر رہے تو پھر کوئی اور ایسی حرکت کر دیں گے۔

وقار ذکا نے اپنی ویڈیو میں ایف اے ٹی ایف کے بارے میں بھی بات کی اور کہا کہ پاکستان کی تمام سلیبرٹیز کو اس حوالے سے آواز اٹھانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ’ #FATFWhitelistPakistan’ کا ہیش ٹیگ چلایا جائے اور بتایا جائے کہ پاکستان اپنے خلاف ہونے والے ظلم پر آواز اٹھاسکتا ہے۔ یہ ہیش ٹیگ ورلڈ وائڈ نمبر ون پر لے کر آنا ہے تاکہ انڈیا کی سازشوں کا مقابلہ کیا جاسکے۔

Facebook Comments