ھفتہ 24 اکتوبر 2020

آمنہ الیاس کی یہ ویڈیوآپ کوسوچنے پرضرورمجبورکرے گی

آمنہ الیاس کی یہ ویڈیوآپ کوسوچنے پرضرورمجبورکرے گی

رنگ گوراکرنے والی مصنوعات کی تشہیرمیں حصہ لینے والوں کی مخالفت اوراس حوالے سے آگاہی بیدارکرنے والی آمنہ الیاس کا کہنا ہے کہ میں اپنے لنگڑے باورچی کا مذاق اڑاتی تھی، توتلے استاد سے اسی انداز میں بات کرتی تھی اور چھوٹے قد پر دوست کا مذاق اڑیا کرتی تھی لیکن وہ میں نہیں ہوں۔

آمنہ کو ان دنوں ایک پرانی ویڈیو کی بنیادپرشدید تنقید کاسامنا ہےجس میں وہ ٹی وی شو کے دوران ماضی کی سُپرماڈل آمنہ حق کا نام بوجھنے کیلئے ساتھی ماڈل صف کنول کو اشارہ دینے کیلئے ایک جملہ کہتی ہیں

یہ ویڈیو کلپ معروف فیشن ڈیزائنرحسن شہریار یاسین کے ٹاک شو کاہے، جس میں گیم سیگمنٹ کے دوران سیلیبرٹی کا نام بوجھنے کیلئے آمنہ صدف سے کہتی ہیں”جن کے وزن میں حیران کن طور پر اضافہ ہوا ہے”۔ صدف جواب میں فورا سے آمنہ حق کا نام لیتی ہیں اور دونوں ہنس پڑتی ہیں۔

اس حوالے سے پہلے بھی 2 ویڈیوز بنانے والی آمنہ اس بار “حتمی بیان” کے ساتھ سامنے آئی ہیں

انسٹاگرام پرتنقید کا جواب دینے کیلئے طنزومزاح پرمبنی ویڈیوشیئرکرنے والی آمنہ نے تنقید کرنے والوں سے کہاہے کہ کیا وہ خود کبھی کسی پر تنقید نہیں کرتے۔ دوسروں کو باڈی شیمنگ کا نشانہ بنانے والے خود بھی نہیں جانتے کہ وہ کسی کی رنگت یا جسامت پربات کررہے ہیں اور اگر کوئی اپنی غلطی سدھارنے کی کوشش کرے تو معاشرہ اسے قبول ہی نہیں کرتا۔

ویڈیو کے آغاز میں آمنہ نے خود پر ہونے والے تنقید کے بعد ساری رات سو نہ پانے کا شکوہ کرتے ہوئے کہا “2 سال پہلے میں نے کسی کو موٹا کہا یہ سچ نہیں ۔ ٹی وی، میڈیا، بلاگرز سب کو نظرانداز کریں اورمیں آپ کو بتاتی ہوں کہ سچ کیا ہے”

آمنہ نے ماضی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ” ہمارا ایک باورچی تھا نعمان جو لنگڑاتا تھا، میں اسے لولا نومی کہتی تھی، اس وقت میں 6 سال کی تھی۔ میری کزن کی بیٹی پیدا ہوئی تو2 سال تک میں نےگود میں نہیں اٹھایا، میں کہتی تھی ہائے کتنی پھینی ہے یہ اوراس وقت میں 12 سال کی تھی۔ میرے اسکول ٹیچر توتلے تھے ان سے اکثر میں توتلے اندازمیں پوچھتی تھی چھٹی کب ملے گی، اس وقت میں 15 سال کی تھی، میرا بیسٹ فرینڈ کہتا تھا تم مجھے اتنا نظراندازکیوں کرتی ہو تومیں کہتی تھی کہ تو اتنا ٹڈا ہے کہ نظرہی نہیں آتا “۔

طنزیہ انداز اپنانے والی آمنہ نے مزید کہا” میں نے پڑوسی سے کہا بال لگوالو، کام والی سے کہا دانت لگوالو،یک دن میری بہن کا دوست شام میں ملنے آیا تومیں نے اس سے کہا وہ دیکھو شام میں رات آئی ہے”۔سوچیں میں کسی کو کالا کہہ رہی ہوں، میں نے اپنی زندگی میں کبھی کسی کو موٹا نہیں کہا بلکہ ہاتھی، گینڈا، سانڈ جیسے لفظ استعمال کرتی تھی۔

اداکارہ و ماڈل نے واضح کیا کہ میں نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ وہ میں نہیں ہوں اوریہ سچ ہے کیونکہ وہ میں نہیں ہوں، “وہ میں تھی”۔ کوئی بھی اپنی ماں کے پیٹ سے اخلاقیات سیکھ کر نہیں آتا اور پلیزمجھے نہ بتائیں کہ آپ لوگوں نے کبھی یہ باتیں نہیں کیں لیکن مجال ہے کہ کسی کودوسرا موقع دیں

آمنہ الیاس نے ایچ ایس وائی کے شو میں کہے گئے الفاظ پر آمنہ حق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا “آمنہ حق، جو میں نے کیا اسے بدل نہیں سکتی، اس درد کو ختم نہیں کرسکتی جو شاید میں نے آپ کو پہنچایا لیکن میں ہرروزخود کو بہتربنانے کی کوشش کررہی ہوں”۔

ویڈیو کا اختتام کرتے ہوئے آمنہ الیاس نے واضح کیا” آپ سب کے لیے آخری بارکہہ رہی ہوں کہ وہ میں نہیں تھی” اور ساتھ ہی ویڈیو کے آغاز میں منگوائے گئے پراٹھے کے آنے پر ” کتنا موٹا ہے یہ، یہ تو جل کر کالا بھی ہوگیا ہے” کے الفاظ کے ساتھ اپنے پیغام کو مزید واضح کیا۔

آمنہ کی اس پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ساتھی اداکارہ عائزہ خان نے مشورہ دیا کہ ” تم نے اپنا کیرئیر بنانے کیلئے بہت محنت کی ہے، اور مستقبل میں مزید بہت کچھ تمہارا انتظار کررہا ہے، اس لیے خود کو ان معاملات سے دور رکھو، میرا پیار اور نیک خواہشات تمہارے ساتھ ہیں”۔

صدف کنول کے ساتھ آمنہ حق کوموٹا کہنے کی یہ ویڈیو کافی عرصے سے امریکا میں مقیم آمنہ حق کی نظروں سے بھِی گزری جس پر انہوں نے انسٹا اسٹوری میں ردعمل دیا تھا

آمنہ حق نے بتایا کہ کئی افراد نےمجھے ٹیگ کیا جس میں ایک ماڈل /اداکارہ نے مجھ سے متعلق بات کررہی ہیں۔ مثبت رویہ ظاہر کرنے والی سابق سپر ماڈل نے لکھا “سچ بولنا چاہیے، اگر میرے حوالے سے باڈی شیمنگ پر کسی کی زندگی میں خوشی آتی ہے تو آئے”۔