جمعرات 25 اپریل 2024

پاؤں جمتے نہیں ہیں کائی پر| راول حسین |

پاؤں جمتے نہیں ہیں کائی پر| راول حسین |

پاؤں جمتے نہیں ہیں کائی پر

تف ہے ایسی کسی رسائی پر

ایک بوسیدہ شہر ہاتھ لگا

اِک نئے شہر کی کھدائی پر

ایسے نازُک سے واسطہ ہے جسے

چوڑیاں بوجھ ہیں کلائی پر

گھر نہ تقسم کر مرے بھائی

تیرا احسان ہو گا بھائی پر

دوگھڑی کا وصال بھاری ہے

زندگی بھر کی آشنائی پر

ایسے حالات ہیں کہ میرا باپ

معترض ہے مری پڑھائی پر

کارخانے سے چھٹیاں لوں گا

گاؤں میں فصل کی کٹائی پر

شاعر: راول حسین

Facebook Comments