بدہ 17 اپریل 2024

پاکستان بمقابلہ زمبابوے، معین خان نے حیران کن بات کہہ دی

پاکستان بمقابلہ زمبابوے، معین خان نے حیران کن بات کہہ دی

لاہور (دھرتی نیوز اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان نے کہا ہے کہ زمبابوے کے خلاف سیریز بہت اہمیت کی حامل ہے، مہمان ٹیم کے مقابلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم زیادہ مضبوط اور بہتر ہے۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان کرکٹ اکیڈمی گراو¿نڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق چیف سلیکٹر اور سابق ہیڈ کوچ معین خان نے کہا کہ پاکستان کو زمبابوے کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی 20 سیریز میں باصلاحیت اور نئے کھلاڑیوں کو موقع دینا ہو گا، قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے بہترین موقع ہو گا کہ وہ اچھا سکواڈ تشکیل دے، زمبابوے سیریز آئندہ انٹرنیشنل مقابلوں کیلئے سود مند رہے گی۔ ایک سوال کے جواب میں سابق کپتان معین خان نے کہاکہ اصل مقابلہ ساؤتھ افریقہ کی ٹیم سے ہو گا، جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان کے مقابلے میں زیادہ مضبوط ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ایک موثر لائحہ عمل کے ساتھ میدان میں اترنا ہو گا، مضبوط اور اچھے کھلاڑیوں پر مشتمل جنوبی افریقہ کی ٹیم کے خلاف بہترین حکمت عملی ہی کامیابی دلواسکتی ہے، جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز بہت سے کھلاڑیوں کے مستقبل کا تعین کرے گی۔

ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے معین خان نے کہا کہ ٹیسٹ کپتان اظہر علی کی قیادت پر اٹھنے والے سوالات کی وجوہات بھی ہیں، اظہرعلی ایک تجربہ کار کھلاڑی ضرور ہیں مگر وہ توقعات پر پورا نہیں اتر سکے، لیکن کپتان کی تبدیلی کا فیصلہ بہت سوچ سمجھ کر کرنا ہوگا، سرفراز احمد اب تک متاثر کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

Facebook Comments