جمعہ 26 اپریل 2024

پنجاب میں 830 علاقوں میں لاک ڈاؤن کے باوجود رائیونڈ اجتماع کی اجازت

پنجاب میں 830 علاقوں میں لاک ڈاؤن کے باوجود رائیونڈ اجتماع کی اجازت

لاہور(دھرتی نیوز) حکومت پنجاب نے رائیونڈ کے سالانہ مذہبی اجتماع میں 54ہزار زائرین کی شرکت کی منظوری دیتے ہوئے صوبے کے 830 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا ہے۔

دھرتی نیوزکی رپورٹ کے مطابق حکومت نے ایک دن میں وائرس کے 283 نئے مثبت کیسز رپورٹ کیے جو صوبے میں جولائی کے بعد اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں ایک دن میں وائرس سے تین افراد ہلاک ہوئے۔

اہم مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے کیونکہ لاہور کے سرکاری اور نجی ہسپتالوں کے انتہائی نگہداشت یونٹوں میں ایسے 15 مریض زیر علاج ہیں۔

کووڈ-19 کے سخت بیمار مریضوں کے علاج کے لیے حکومت پنجاب نے 19 تک اسپتالوں کو نوٹس بھیج دیا ہے۔

اس سے متعلقہ پیشرفت میں حکومت نے 6 سے 8 نومبر تک رائے ونڈ میں منعقد ہونے والے سالانہ تبلیغی اجتماع کے انعقاد کی منظوری دے دی، بین الاقوامی شرکا کی رائیونڈ جماعت میں شرکت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

54 ہزار شرکا میں لاہور ے 6ہزار، پشاور سے 9ہزار 600، ملتان اور بلوچستان سے 6ہزار، فیصل آباد سے 4ہزار 800، کراچی سے 9ہزار 600، ڈی جی خان اور سوات سے چھ، چھ ہزار شرکا کو اجازت دی گئی ہے، جن اضلاع اور شہروں میں مثبت کیسز کی شرح 5فیصد سے زائد ہے، ان سے کسی کو بھی اجلاس یں شرکت کی اجازت نہیں ہو گی۔

دستاویز کے مطابق اجتماع کے دوران صرف باہر فضا میں اجتماع کی سفارش کی گئی ہے جس میں ہر فرد میں کم از کم 6 فٹ کا فاصلہ ہونا چاہیے۔

بچوں اور جن افراد کے بیماری سے زیادہ متاثر ہونے کا اندیشہ ہے، ان کو بھی اجتماع میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

جماعت کے ضلعی قائدین روانگی سے قبل تمام شرکا کی علامتی اسکریننگ کو یقینی بنائیں گے۔

دستاویز کے مطابق اگر سفر کے خواہشمند کسی بھی مسافر میں کووڈ۔19 کی علامات ہوں یا اس کی آخری 14 دنوں میں کووڈ سے متاثرہ شخص سے رابطہ ہوا ہو تو ان کی جانچ کی جانی چاہیے اور صرف کووڈ کا ٹیسٹ منفی آنے کی صورت میں شریک ہونے کی اجازت دی جائے گی، اجتماع میں چہرے کے ماسک پہننا لازمی ہوگا، وبا کے دوران تبلیغی اجتماع اور دیگر اجتماعات کا انعقاد کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر کا لازمی ملحوظ خاطر رکھا جائے تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کے امکانات سے بچا جا سکے۔

لاک ڈاؤن کے بارے میں سرکاری دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ حکومت پنجاب نے صوبے کے 830 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر کے 3ہزار 332 افراد کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی ہے۔

یہ اقدام کورونا وائرس کے ایک ہزار 416 تصدیق شدہ کیسز کے بارے میں کچھ خبروں کے بعد اٹھایا گیا۔

لاہور میں جن اکثر مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کو نافذ کیا گیا ہے، وہاں ضلعی حکومت اور پولیس نے 435 علاقوں کو سیل کردیا جبکہ راولپنڈی کے بعد لاہور میں بھی ایک ہزار 266 افراد کی نقل حرکت پر پابندی عائد کردی گئی ہے جہاں اس سے قبل راولپنڈی میں 474 علاقوں کو سیل کردیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 334 رہائشیوں کی نقل و حرکت متاثر ہوئی تھی۔

اسی طرح ملتان کے 44، بہاولپور کے 37، بھکر کے 35، فیصل آباد کے 34، گجرات کے 29، سرگودھا کے 24، ڈی جی خان کے 17، ساہیوال کے 16، گوجرانوالہ کے 14 علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا۔

محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ پنجاب میں تصدیق شدہ کیسز میں حالیہ اضافے نے پریشان کردیا ہے جو سمجھتے ہیں کہ کیسز کی تیزی سے منتقلی ایک وجہ معیاری آپریٹنگ طریقہ کار اور رہنما اصولوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

Facebook Comments