جمعہ 29 مارچ 2024

احتساب عدالتوں کی کارروائی میڈیا پر براہ راست دکھانے پر اتفاق

احتساب عدالتوں کی کارروائی میڈیا پر براہ راست دکھانے پر اتفاق

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے احتساب عدالتوں کی کارروائی میڈیا پر براہ راست دکھانے پر اتفاق کیا ہے۔

دھرتی نیوزکے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں بات چیت کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر برطانیہ میں عدالتوں کی کارروائی میڈیا پر دکھائی جا سکتی ہے تو پاکستان میں کیوں نہیں؟ لیکن  شاہد خاقان عباسی کے ساتھ ساتھ شہباز شریف کا مقدمہ بھی لائیو دکھایا جائے۔

پروگرام میں رانا ثناء اللہ نے بھی احتساب عدالت کی کارروائی میڈیا پر دکھانے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ان پر منشیات کیس کی سماعت کے ساتھ ساتھ تفتیش بھی ٹی وی پر براہ راست دکھائی جانی چاہیے۔

 واضح رہے کہ مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ کو گزشتہ برس فیصل آباد سے لاہور جاتے ہوئے انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے موٹر وے پر سکھیکی کے مقام پر حراست میں لیا تھا۔

اس حوالے سے اس وقت کے وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی نے دعویٰ کیا تھا کہ رانا ثناء اللہ کی گاڑی سے 15 کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی جس کی مالیت 15 سے 20 کروڑ روپے ہے۔

Facebook Comments