جمعہ 29 مارچ 2024

پاکستان میں ’زی فائیو‘ سمیت بھارتی مواد کی سبسکرپشن پر پابندی

پاکستان میں ’زی فائیو‘ سمیت بھارتی مواد کی سبسکرپشن پر پابندی

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے ملک میں بھارتی مواد کی سبسکرپشن کے لیے کریڈٹ کارڈ سمیت مختلف طریقوں کے ذریعے ادائیگی پر پابندی عائد کردی جس کا اطلاق 13 نومبر سے ہوگا۔

اس حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ کابینہ ڈویژن سے جاری ایک خط میں پاکستان میں بھارتی مواد سبسکرائب کرنے کے لیے کریڈٹ کارڈ سمیت ادائیگی کے مختلف طریقوں کو روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جاری کردہ نوٹی فکیشن میں بھارتی ویڈیو آن ڈیمانڈ پلیٹ فارم ’زی فائیو‘ کا نام بھی شامل کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے تمام بینکوں سے اس نوٹی فکیشن میں جاری ہدایت کی تعمیل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جس کا اطلاق 13 نومبر سے ہوگا۔

اس ضمن میں ترجمان اسٹیٹ بینک عابد قمر نے ڈان نیوز کو تصدیق کی کہ کابینہ ڈویژن کے خط پر عملدرآمد کرتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔

اسٹیٹ بینک کا یہ نوٹی فکیشن 9 نومبر کو جاری کیا گیا تھا تاہم یہ آج سوشل میڈیا پر گردش کرنا شروع ہوا جس پر صارفین کی جانب سے تنقید بھی کی جارہی ہے۔

صحافی حسن زیدی نے ٹوئٹ کی کہ پاکستان میں زی فائیو کی سبسکرپشن پر پابندی عائد کردی گئی۔

شوبز ناقد عمیر علوی نے نوٹی فکیشن شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ارطغرل پر پابندی عائد کریں جو ہماری انڈسٹری کو نقصان پہنچا رہا ہے، زی فائیو تو اسے فروغ دے رہا ہے۔

عمیر قریشی نے ٹوئٹ کی کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان، وزیر اعظم کے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن پر عمل پیرا ہے۔

ایک صارف نے پوچھا کہ نیٹ فلیکس، ایمازون اور یوٹیوب پر بھارتی مواد کے بارے میں کیا خیال ہے؟ سب پر پابندی لگائیں گے کیا؟

تاہم کچھ لوگوں نے اس پابندی کو اچھا اقدام بھی قرار دیا۔

Facebook Comments