جمعہ 29 مارچ 2024

لاہور قلندرز نے دھوم مچادی، پہلی بار فائنل میں پہنچ گئی

لاہور قلندرز نے دھوم مچادی، پہلی بار فائنل میں پہنچ گئی

کراچی (دھرتی نیوز) لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 25 رنز سے دھول چٹا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ پانچ ایڈیشنز میں یہ پہلی بار ہے جب لاہور کی ٹیم فائنل میں پہنچی ہے۔

پلے آف مرحلے  کے تیسرے  میچ میں ملتان سلطانز کی ٹیم 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 157 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ ملتان سلطانز  کے ایڈم لائتھ 50 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ خوشدل شاہ نے 30، کپتان شان مسعود نے 27 اوررائلی روسو نے 18 رنز بنائے۔

لاہور قلندر کی جانب سے حارث رؤف اور ڈیوڈ ویز نے تباہ کن باؤلنگ کی اور 3، 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ شاہین شاہ آفریدی اور دلبر حسین نے 2، 2 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

قبل ازیں  پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے تیسرے ایلیمینیٹر میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو جیت کیلئے 183 رنز کا ہدف دیاتھا۔ لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6  وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے اوپنر آنے والے فخر زمان نے 46 رنز  سکور کیے۔  دوسرے اوپنر تمیم اقبال 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ آخری اوورز میں سمیت پٹیل اور ڈیوڈ ویز نے جارحانہ بلے بازی کی ، تاہم سمیت پٹیل آخری اوور میں اونچا کھیلنے کے چکر میں 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ آخری 2 گیندوں پر 2 چھکے  مارنے والے ڈیوڈ ویز  48 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ 

ملتان سلطانز کی جانب سے شاہد آفریدی نے2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ جنید خان، سہیل تنویر ،  محمد الیاس اور ایڈم لائتھ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

Facebook Comments