ھفتہ 20 اپریل 2024

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو بھی عالمی وبا کورونا وائرس نے متاثر کردیا۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حکومت سندھ کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ سندھ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں وائرس کی دوسری لہر دوبارہ تیزی سے پھیل رہی ہے جس کے باعث حکومت، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں آج مختلف پابندیاں عائد کرنے پر غور کرے گی۔

حال ہی میں کورونا سے متاثر ہونے والے سیاستدانوں میں سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف اور متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما فاروق ستار شامل ہیں۔

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین وائرس کا شکار بنے تھے اور گزشتہ ماہ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

ان کے علاوہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے جو معروف شخصیات وائرس کا شکار بنیں، ان میں اسپیکر قومی اسمبلی، اسد قیصر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، شہریار آفریدی، فرخ حبیب، تیمور سلیم جھگڑا شامل ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے علاوہ حمزہ شہباز، شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، عطا تارڑ، نہال ہاشمی، ایاز صادق، احسن اقبال اور دیگر وائرس کا شکار بنے۔

علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے یوسف رضا گیلانی، نیئر بخاری وائرس سے متاثر ہونے والوں میں شامل ہیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا، سندھ کے وزیر انسانی تصفیہ غلام مرتضیٰ بلوچ، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی جمشید الدین کاکاخیل اور مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ اور پیپلز پارٹی کے راشد ربانی کورونا وائرس کے باعث انتقال کرچکے ہیں۔

Facebook Comments