جمعہ 29 مارچ 2024

غیرت کے نام پر قتل پر بنی میوزک ویڈیو نے بین الاقوامی ایوارڈ جیت لیا

غیرت کے نام پر قتل پر بنی میوزک ویڈیو نے بین الاقوامی ایوارڈ جیت لیا

غیرت کے نام پر قتل کے موضوع پر بنائی گئی پاکستانی مختصر میوزیکل ویڈیو ‘کی جاناں’ کو 2 بین الاقوامی ایوارڈز ‘میامی شارٹ فلم فیسٹیول’ اور ‘بچارسٹ فلم ایوارڈز’ کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔

اور اب اس ویڈیو نے میامی شارٹ فلم فیسٹیول 2020 میں بہترین میوزک ویڈیو کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔

اس میوزک ویڈیو کی ہدایات ڈائریکٹر نبیل قریشی نے دی تھیں، اس سے قبل انہوں نے لوڈ ویڈنگ اور ایکٹر ان لا جیسی فلموں کی ہدایات بھی دی تھیں۔

ویڈیو میں اداکارہ سونیا حسین نے مرکزی کردار ادا کیا ہے جبکہ محسن عباس بھی اس ویڈیو کا حصہ ہیں۔

اس گانے کی موسیقی شانی ارشد نے ترتیب دی ہے جبکہ اس کے بول بابا بلہے شاہ کی شاعری سے ماخوز ہیں۔

کی جاناں میوزک کا موضوع ‘غیرت کے نام’ پر قتل ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ لڑکا اور لڑکی اپنی مرضی سے شادی کرتے ہیں۔

تاہم ان کے فرار کی ہر کوشش ناکام ہوجاتی ہے اور دونوں ہی لڑکی کے والد کے ہاتھوں مارے جاتے ہیں۔

میامی فلم فیسٹیول کے لیے ‘کی جانا’ میوزک ویڈیو کو ‘سرخ – محبت کا رنگ’ (‘Red – the colour of love) کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔

اس حوالے سے میوزک ویڈیو کے ڈائریکٹر نے یہ ایوارڈ حاصل کرنے کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک ٹوئٹ میں کیا۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ میامی فلم فیسٹیول میں بہترین شارٹ فلم کا ایوارڈ جیت لیا۔

نیبل قریشی نے اپنی ٹوئٹ میں ایوارڈ حاصل کرنے پر میوزک ویڈیو کی ٹیم کو بھی مبارک باد دی۔

ایوارڈ کے اعلان کے موقع پر اپنی آن لائن تقریر میں ہدایت کار نبیل قریشی نے ایوارڈ ملنے پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنی ٹیم کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اس ایوارڈ کے لیے اپنا کردار ادا کیا، انہوں نے میامی فلم فیسٹیول کی جیوری کا بھی شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے رواں برس میامی شارٹ فلم فیسٹیول آن لائن منعقد ہورہا ہے۔

میامی شارٹ فلم فیسٹیول فیس بک پر ڈیجیٹلی پیش کیا جارہا ہے جو 16 نومبر کو شروع ہوا اور 23 نومبر تک جاری رہے گا۔

میامی فلم فیسٹیول میں شارٹ فلم، میوزک، ٹریلر، فیچر فلم اور دیگر کیٹیگریز کے لیے ایوارڈز دیے جاتے ہیں۔

Facebook Comments