جمعرات 28 مارچ 2024

نواز شریف کے 5 کزنز کے وارنٹ گرفتاری جاری

نواز شریف کے 5 کزنز کے وارنٹ گرفتاری جاری

لاہور(دھرتی نیوز) بینکنگ کورٹ نے نواز شریف کے 5 کزنز کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

تفصیلات کے مطابق بینکوں سے قرضہ لے کر واپس نہ کرنے کے کیس میں بینکاری عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پانچ چچا زاد بھائیوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

جن کزنز کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں ان میں جاوید شفیع، طارق شفیع، زاہد شفیع سمیت دیگر شامل ہیں، پانچوں افراد کے وارنٹ گرفتاری عدالت میں عدم پیشی پر جاری کیے گئے۔

واضح رہے کہ بینکنگ عدالت میں مختلف بینکوں کی جانب سے قرضے کی عدم ادائیگی پر درخواستیں دائر کی گئی ہیں، کیس کے ملزمان میں میاں نواز شریف کے کزن طارق شفیع، جاوید شفیع سمیت دیگر شامل ہیں۔

عدالت نے عدم پیشی پر پانچوں افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 27 نومبر تک ملتوی کر دی۔

بینکوں کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کشمیر شوگر ملز اور اتفاق شوگر ملز کے لیے 7 سو ملین روپے قرضہ لیا گیا تھا، اب سالہا سال سے بینکوں کو قرض واپس نہیں کیا جا رہا۔

بینکوں نے استدعا کی کہ عدالت قانون کے مطابق ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دے۔ کیس کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے آئندہ سماعت پر 27 نومبر کو پانچوں کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

Facebook Comments