جمعہ 29 مارچ 2024

عدالت نے گلوکارہ صنم ماروی کے بچوں کی حوالگی کیس کا فیصلہ سنادیا

عدالت نے گلوکارہ صنم ماروی کے بچوں کی حوالگی کیس کا فیصلہ سنادیا

لاہور کی گارڈین عدالت نے گلوکارہ صنم ماروی کے بچوں کی حوالگی کیس کا فیصلہ سنادیا۔

دھرتی نیوزکی رپورٹ کے مطابق لاہور کی گارڈین عدالت کے جج یعقوب علی شہزاد نے گلوکارہ صنم ماروی کی درخواست پر فیصلہ سنادیا، عدالت نے گلوکارہ صنم ماروی اور حامد علی کے درمیان راضی نامے پر فیصلہ جاری کیا۔

عدالت نے صنم ماروی کے بچوں بہلول علی، ورد علی اور علی مصطفیٰ کی ملاقاتوں کا شیڈول بھی منظور کرلیا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق تینوں بچے ہفتے میں چار دن ماں کے پاس اور تین دن اپنے والد حامد علی کے پاس رہیں گے، ماں کے بیرون ملک موجود ہونے کی صورت میں بچے والد حامد علی کے پاس رہیں گے۔

واضح رہے کہ گلوکارہ صنم ماروی نے بچوں کی حوالگی کے لیے گارڈین عدالت سے رجوع کررکھا تھا۔

گلوکارہ نے گزشتہ دنوں مداحوں کو اپنی صحت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں بچوں سے دوری کے باعث گزشتہ کئی روز سے بہت زیادہ تکلیف کا سامنا کررہی ہوں‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’بچوں کی جدائی اور دوری کے میرے دماغ پر گہرے اثرات مرتب ہوئے جس کی وجہ سے مجھے اسپتال جانا پڑا‘۔

خیال رہے کہ عدالت نے نامور پاکستانی فوک گلوکارہ صنم ماروی کو خلع کی ڈگری جاری کردی تھی، انہوں نے شوہر پر سنجیدہ الزامات عائد کرتے ہوئے خلع کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

Facebook Comments