جمعہ 29 مارچ 2024

کاروبار 6 بجے تک بند کرنے کے احکامات ، تاجروں کا انکار

کاروبار 6 بجے تک بند کرنے کے احکامات ، تاجروں کا انکار

 کورونا کی دوسری لہر شدت اختیار کرنے لگی ہے ، جس کے باعث صوبہ سندھ میں آج سے کاروبار 6 بجے تک بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے، کاروبار کے اوقات کار صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے جاری ان احکامات کو کراچی کی تا جر برادری نے ماننے سے انکار کر دیا ہے۔

تاجر برادری نے حکومت سندھ سے اپیل کی ہے کہ6بجے دکانیں کھولنا قابل عمل نہیں، صبح10 تا شام8 بجے کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے۔

کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان عرفان نے حکومت سندھ سے اپیل کی ہے کہ کاروباری اوقات صبح 10سے رات 8 بجے تک کیے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تاجر برادری سخت حفاظتی اقدامات پر عمل پیرا ہوکر حکومت سے بھرپور تعاون کررہی ھے، معاشی بدحالی کے باعث پچھلے لاک ڈاؤن سے بھی بری صورتحال ہے، تاجروں سے روزگار کا حق نہ چھینا جائے۔

واضح رہےکہ محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق تمام تجارتی مراکز جمعہ اور اتوار کو مکمل بند رہیں گے، جمعہ اور اتوار صرف اشیا ضروریہ کی دکانیں کھلیں گی۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے نئی پابندیاں 31 جنوری 2021 تک لاگو رہیں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سرکاری، نجی دفاتر، پبلک مقامات پر ماسک پہنا لازمی قرار، جرمانہ بھی ہوگا، سرکاری اور نجی دفاتر میں 50 فیصد کم سٹاف رکھا جائے، ‏بند جگہوں پر شادی کی تقریبات پر پابندی جبکہ صرف کھلے مقامات پر شادی ہوگی، شادی میں 200 مہمانوں کی اجازت ہوگی، تقریب 9 بجے ختم کرنا ہوگی۔

محکمہ داخلہ سندھ نے شادی میں بوفے سروس پر بھی پابندی عائد کر دی۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ کھانا پیک ڈبوں میں مہمانوں میں تقسیم کرنے کی اجازت ہوگی۔

مزارات، انڈور سینما، تھیٹر، جم، بند رہیں گے۔

ریسٹورنٹس کے اندر کھانے پر پابندی، کھلے مقام پر رات 10 بجے تک ڈائننگ کی اجازت ہوگی۔

ٹیک آوے اور ہوم ڈیلیوری بھی رات 10 بجے تک ہوگی

Facebook Comments