جمعرات 25 اپریل 2024

شیخ رشید کا نوازشریف کو پاکستان واپس آنے کا مشورہ

شیخ رشید کا نوازشریف کو پاکستان واپس آنے کا مشورہ

وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ یہ وقت ہے کہ نوازشریف بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان میں ماں کے جنازے میں شرکت کریں۔ انھوں نے کہا کہ مریم پہلے ہی ملک سے باہر جانا چاہتی ہیں تاہم شہبازشریف کا رول دانش مندی، مذاکرات اور معاملہ فہمی کا ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے سماء کوانٹرویو دیتے ہوئےسابق وزیراعظم نوازشریف کو ماں کے جنازے میں شرکت کےلئے پاکستان واپس آنے کا مشورہ دے دیا ہے۔ تاہم انھوں نے کہا کہ نوازشریف بڑے پاپڑ بیل کر باہر گئے ہیں اور وہ واپس نہیں آئیں گے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ پاکستان میں موجود نوازشریف کی پارٹی کے رہنما کہہ دیں کہ لندن سے نواازشریف کو پاکستان آنے کی اجازت ڈاکٹر نے نہیں دی ہے۔

سابق صدر آصف زرداری سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری جیل کاٹنےمیں نواز شریف سے تگڑے ہیں، آصف علی زرداری کی کرائم ہسٹری زیادہ ہے،نوازشریف جیل کاٹنے کے معاملے میں بزدل ہیں۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف رزلٹ چاہتے ہیں، جوڈو کراٹے نہیں،شہباز شریف کوپتہ ہے کہ سیاست بند گلی میں داخل ہوگئی تو جیلوں سے چیخوں کی آوازیں آئیں گی۔

انھوں نے مزید کہا کہ مریم اور نواز بہت آگے نکل گئےہیں،دونوں کےمعاملے میں شہباز کی کوششیں ماند پڑ گئی ہیں تاہم حمزہ اور سلمان کے کیسز بہت سیریس ہیں،دونوں کے کیسز میں سلطانی گواہ ہیں اور وہ سزا سے نہیں بچ سکتے۔

حکومت سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ گلگت کے انتخابات شفاف تھےاورایسےانتخابات زندگی میں نہیں دیکھے،پی ڈی ایم کو جلسوں سے کچھ نہیں ملے گا اوریہ لوگ میڈیا میڈیا کھیل رہے ہیں۔

وفاقی وزیرنےدوٹوک کہا کہ عمران خان کہیں نہیں جارہےہیں،لوگ عمران خان کو صاف اور شفاف سمجھتے ہیں

Facebook Comments