بدہ 24 اپریل 2024

پی آئی اے میں مسافروں کی تواضع اب کیسے ہوگی؟

پی آئی اے میں مسافروں کی تواضع اب کیسے ہوگی؟

کورونا کی دوسری لہر کے پیشِ نظر پی آئی اے انتظامیہ نےحفاظتی اقدامات سخت کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

اندرون ملک جانے والی پروازوں پر مشروبات کی فراہمی ٹرالی کےذریعےبند کر دی گئی ہے جب کہ اندرون ملک جانے والی پروازوں میں کافی یا چائے بھی پیش نہیں کی جائیں گی۔

اندرون ملک جانیوالی پروازوں میں کھانےکی فراہمی پہلےہی بندکردی گئی ہے۔ پی آئی اے کے شعبہ فلائٹ سروسز کی جانب سے فضائی میزبانوں کو جاری احکامات کر دیے گئے ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق اندرون ملک پروازوں میں صرف ڈبے میں پیک اشیا اور ٹھنڈے مشروبات پیش کیے جائیں گے، ذرایع کے مطابق پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو ارشد ملک نے کھانے کی سروسز میں تبدیلی کی منظوری دے دی ہے۔

کھانے کے مینیو میں تبدیلی کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے، قومی ایئر لائن نے سعودی عرب سیکٹر کے لیے اسنیکس، کلب سینڈوچز، چکن پیٹیز، ایک کیلا اور مفن پیش کرنے جب کہ کافی یا چائے پیش نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سعودی سیکٹر سے واپسی کی پرواز پر کلب سینڈوچز، چکن پیٹیز، ایک کیلا اور بسکٹ پیش کیے جائیں گے، کابل اور خلیجی ممالک کی پروازوں میں صرف ہلکی پھلکی غذائیں یعنی اسنیکس پیش کیے جائیں گے۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ کھانے کی سروس میں تبدیلی حفاظتی اقدامات کے تحت مسافروں اور عملے کے ارکان کے درمیان رابطے کو کم کرنے کے لیے کی گئی ہے۔

Facebook Comments