منگل 23 اپریل 2024

سندھ حکومت نے تاجروں کو ایک اور خوشخبری سنادی

سندھ حکومت نے تاجروں کو ایک اور خوشخبری سنادی

کراچی(دھرتی نیوز) وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ جمعہ کو کاروبار بند نہیں ہوگا، این سی او سی کے فیصلوں پر عملدرآمد کروایا جائے گا۔

دھرتی نیوزکی رپورٹ کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین کا کہنا ہے کہ این سی او سی کے فیصلوں پر عملدرآمد کروایا جائے گا، تمام کاروبار مراکز ہفتے میں ایک دن بند رکھے جائیں گے، جمعہ کو کاروبار بند نہیں ہوگا، مارکیٹیں صبح 8 سے رات 8 بجے تک کھلیں گی۔

دوسری جانب کمشنر کراچی افتخار شلوانی کا کہنا ہے کہ کل جمعہ کو کراچی کی مارکیٹیں اور دکانیں کھلی رہیں گی، تمام دکانیں اور مارکیٹ رات 8 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔

سندھ حکومت کے مشکور ہیں، صدر آل سٹی تاجر اتحاد

صدر آل سٹی تاجر اتحاد شرجیل گوپلانی نے سندھ حکومت کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ 8 بجے تک کاروبار کی اجازت دینے پر سندھ حکومت کے مشکور ہیں، تاجروں کے جائز مطالبات پر عملدرآمد سے تقویت ملے گی۔

شرجیل گوپلانی نے کہا کہ کاروباری برادری ایس او پیز پر عمل کریں، عوام کاروباری علاقوں میں سماجی فاصلے اور ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں۔

آل سٹی تاجر اتحاد حماد پونا والا کا کہنا تھا کہ کاروباری اوقات 8 بجے تک کرنے کا خیرمقدم کرتے ہیں، حکومت سندھ نے ہفتہ وار 2 چھٹیاں ختم کرنے کا اعلان بھی خوش آئند ہے۔

Facebook Comments