جمعہ 26 اپریل 2024

شہباز شریف اورحمزہ کو آج پرول پر رہا کیا جائیگا

شہباز شریف اورحمزہ کو آج پرول پر رہا کیا جائیگا

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو آج 27 نومبر بروز جمعہ پرول پر رہا کیا جائے گا۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق ن لیگ کے صدر میاں محمد شہباز شریف اور ان کے صحبزادے کی جیل سے رہائی بروز جمعہ دن 2 بجے ہوگی۔ دونوں کو 5 روز کیلئے پرول پر رہا کیا جائے گا۔

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی 5 روزہ پرول پر رہائی کی منظوری پنجاب کابینہ کی جانب سے دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ ڈپٹی سیکریٹری جنرل مسلم لیگ ن عطا اللہ تارڑ کی جانب سے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پرول پر رہائی کی درخواست ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں 23 نومبر کو جمع کرائی گئی تھی۔ جمع کرائی گئی درخواست میں 2 ہفتے کی پرول کی استدعا کی گئی تھی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ شہباز شریف کو والدہ اور حمزہ کو دادی کی آخری رسومات میں شرکت کيلئے پرول پر فوری رہا کیا جائے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کا انتقال 22 نومبر اتوار کو لندن میں ہوا، جس کی اطلاع مسلم لیگ ن کے رہنما عطاء تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کی۔ وہ رواں سال 15 فروری کو علاج کیلئے لندن گئی تھیں۔

بیگم شمیم اختر کا جنازہ شریف میڈیکل سٹی میں پڑھایا جائے گا، جب کہ اُن کی تدفین جاتی امرا میں کی جائے گی۔

بیگم شمیم کی میت پاکستان لائی جائے گی، جب کہ تدفین جاتی امراء میں اپنے شوہر میاں شریف کے پہلو میں مختص جگہ پر ہوگی، انتقال کے بعد مسلم لیگ (ن) نے اپنی سیاسی سرگرمیاں معطل کردیں۔

بیگم شمیم اختر کے بڑے صاحبزادے نواز شریف علاج کے غرض سے اس وقت لندن میں مقیم ہیں، جب کہ اُن کے چھوٹے صاحبزادے شہباز شریف لاہور کی جیل میں ہیں۔ شہباز شریف کو والدہ کے انتقال کی خبر سے جیل میں آگاہ کیا گیا تھا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے رمضان شوگر ملز کیس میں قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کیا تھا۔ 18 فروری کو قومی احتساب بیورو نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے و رکن صوبائی اسمبلی حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس میں نیا ریفرنس دائر کیا۔

اس ریفرنس میں صرف دونوں ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا اور الزام لگایا تھا کہ رمضان شوگر ملز کے لیے انہوں نے غیر قانونی طور پر نالہ تعمیر کروایا۔ عدالت میں دائر ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی جانب سے اس نالے کی تعمیر سے قومی خزانے کو 21 کروڑ 30 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، لہٰذا دونوں ملزمان کو سزا دی جائے۔

بعد ازاں 20 اکتوبر کو احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں نیب کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر کوٹ لکھپت جیل بھیج دیا

Facebook Comments