جمعرات 28 مارچ 2024

عامراورافغان کھلاڑی کےدرمیان گرماگرمی میں نیاموڑ

عامراورافغان کھلاڑی کےدرمیان گرماگرمی میں نیاموڑ

 لنکا پریمیئرلیگ میں دو روز قبل محمد عامر اور افغان کھلاڑی کے درمیان ہونے والی گرما گرمی میں نیا موڑ آیا ہے۔ افغان کھلاڑی نے دعوی کیا ہے کہ محمد عامر نے ہتک آمیز جملے کسے تھے جس کے جواب میں انھیں جواب دیا۔

لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) میں کینڈی ٹسکرز کےافغان بولر نوین الحق اور گال گلیڈ ایئٹرز کے محمد عامر کے درمیان میچ کےآخری لمحات میں تلخ کلامی ہوئی۔ جس کے بعد میچ کے اختتام پر شاہد آفریدی نے افغان بولر نوین الحق پر اپنے غصے کا اظہار کیا

میچ میں محمد عامر جب بیٹنگ کرنے آئے تو انہوں نے پہلی ہی گیند پر کینڈی ٹسکرز کے نوین الحق کواونچا شاٹ کھیلتے ہوئے چوکا لگادیا جس پر نوین الحق نے محمد عامر کو کچھ کہا، تاہم اوور کے بعد بھی دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی لیکن ساتھی کھلاڑیوں اور امپائر نے معاملہ ختم کرادیا۔

نوین الحق جب اگلا اوور کروانے آئے تو عامر نے پہلی ہی گیند پر زور دار چھکا رسید کردیا جبکہ دونوں کے درمیان اس آخری اوور میں بھی تکرار ہوتی رہی

میچ ختم ہونے کے بعد یہ لفظی جنگ جاری رہی تاہم جب میچ کے بعد گال گلیڈی ایئٹرز کے کپتان شاہد آفریدی کینڈی ٹسکرز کے کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے آئے تو انہوں نے نوین الحق کو آنکھیں دکھائیں اور معاملہ پوچھا

شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ’میری نوجوان کھلاڑیوں کو یہی صلاح ہے کہ وہ کھیل میں گالی گلوچ نہ کریں۔ افغان ٹیم میں میرے دوست ہیں اور ہمارے درمیان بہت خوشگوار تعلقات ہیں۔ ٹیم کے ساتھیوں اور مخالفین کا احترام کھیل کی بنیادی روح ہے

جس پر محمد عامر نے شاہد آفریدی کے ٹوئٹ کے جواب میں لکھا کہ’لالا آپ کی بات 100فیصد درست ہے‘۔

دوسری جانب افغان کرکٹر نوین الحق نے شاہد آفریدی کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ’ میں مشورے لینے اور عزت دینے کے لئے ہمیشہ تیار رہتا ہوں بلکل کرکٹ جینٹل مینز کا گیم ہے، لیکن اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ آپ سب ہمارے پیروں تلے ہیں اور رہنا ہوگا تو وہ نہ صرف میرے بارے میں بات کررہا ہے بلکہ میرے لوگوں کیخلاف بات کررہا ہے‘۔ نوین نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ ’عزت دوگے تو عزت ملے گی‘

واضح رہے کہ افغانستان کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں پر جملے کسنا پہلی بار نہیں بلکہ گزشتہ سال ورلڈکپ 2019 کے میچ میں بھی تلخ واقعات رونما ہوئے تھے جبکہ افغان شاہقین نے میدان میں پاکستانی شائقین کے ساتھ بدتمیزی بھی کی تھی

Facebook Comments