جمعرات 25 اپریل 2024

قریبی ساتھی نے بھی ٹرمپ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا

قریبی ساتھی نے بھی ٹرمپ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا

واشنگٹن(دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے، اٹارنی جنرل ولیم بار نے کہا ہے کہ صدارتی انتخابات میں بڑے پیمانے پر فراڈ کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔

تفصیلات کے مطابق اٹارنی جنرل ولیم بار نے ایک بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعوؤں کے برعکس کہا ہے کہ صدارتی انتخابات 2020 میں دھاندلی کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔

اٹارنی جنرل ولیم بار نے کہا کہ ایسے کوئی ثبوت نہیں جن کی بنیاد پر انتخابات کے نتائج کو تبدیل کیا جا سکے، ان کا کہنا تھا کہ اب تک ایسے ثبوت نہیں ملے جو نتائج پر اثر انداز ہو سکیں، محکمہ انصاف اور ہوم لینڈ کی تحقیقات میں دھاندلی کے شواہد نہیں ملے۔

ولیم نے کہا اطلاعات تھیں کہ دھاندلی ہوئی ہے، اور مشینز خراب کی گئیں، مگر ان باتوں کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ واضح رہے کہ اٹارنی جنرل ولیم بار صدر ٹرمپ کے قریبی اور با اعتماد ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔

یاد رہے کہ چند دن قبل صدر ٹرمپ کی قانونی ٹیم کو ایک اور بڑا دھچکا پہنچا تھا جب ریاست پنسلوانیا میں انتخابات کے نتائج کے خلاف صدر ٹرمپ کی اپیل مسترد کر دی گئی، فلا ڈیلفیاکی فیڈرل کورٹ نے ٹرمپ کے وکلا کی اپیل مسترد کرے ہوئے کہا کہ دھاندلی کے الزامات کے شواہد ہونا ضروری ہیں، وکلا نہیں ووٹرز صدر کا انتخاب کرتے ہیں، انتخابی نتائج کو دوباہ جانچنا بے کار ہے۔

اس پر صدر ٹرمپ کے وکلا نے فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔

Facebook Comments