جمعہ 29 مارچ 2024

لاہور کا جلسہ روکنے والے خود رک جائیں گے

لاہور کا جلسہ روکنے والے خود رک جائیں گے

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ لاہور کے جلسے کو روکنے والے خود رک جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اگلے جلسے سے متعلق کہنا ہےکہ 13 دسمبر کا لاہور کا جلسہ سب سے تگڑا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ لاہور کے جلسے کو روکنے والے خود رک جائیں گے، ڈنڈوں کے استعمال اور گرفتاری وغیرہ سے بھی کچھ نہیں بنے گا، لاہور اس نکمی اور جھوٹی حکومت کی دوڑیں لگوائے گا، دیکھتے جائیں اور اپنا حصہ ڈالتے جائیں۔

جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا اس بارے میں کہنا ہے کہ انشاءاللہ تعالیٰ منزل پر پہنچ کر ہی دم لیں گے، دنیا کی کوئی قوت ہمیں اس مشن سے روک نہیں سکتی۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء ﷲ نے کہا ہے کہ ہمارا مطالبہ یہ ہے کہ ملک میں آزادانہ اور شفاف الیکشن کرائے جائیں، جو جیتے وہ حکومت بنائے۔

انہوں نے کہا کہ 13 دسمبر کو مینار پاکستان پر ہونے والا جلسہ تمام جلسوں سے بڑھ کر ہوگا، میزبان پاکستان مسلم لیگ (ن) ہوگی۔

رانا ثناء ﷲ کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوام کو خود کو خطرے میں بھی ڈالنا پڑے تو قوم کے مستقبل کے لیے لاہور پہنچیں۔

Facebook Comments