ھفتہ 20 اپریل 2024

کینو میں چھپا 15 بیماریوں کا علاج

کینو میں چھپا 15 بیماریوں کا علاج
فوٹو : رائٹرز

موسم سرما کی آمد کے ساتھ باغوں اور بازاروں میں جہاں دیگر پھل نظر آتے ہیں وہیں وٹامنز کی دولت سے مالا مال کینوں بھی فضا کو معطر کرتے ہیں۔

انسانوں کو ہر سال قدرت کی جانب سے دیا جانے والا یہ پھل وٹامن سی سمیت دیگر قدرتی اجزا کی دولت سے مالا مال ہے جس کے چھلکے میں بھی وہ فوائد پوشیدہ ہیں جن میں سے کچھ کے بارے میں آپ جانتے ہوں گے۔

واضح رہے کہ کینو میں کاربوہائیڈریٹ، فائبر، پروٹین، وٹامن اے، وٹامن بی، وٹامن سی، فولیٹ، تھائمین، فاسفورس اور پوٹاشیم جیسی معدنیات موجود ہیں جو مختلف بیماریوں سے لڑنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔

ہاتھ پاؤں سُن ہونے کا علاج

حال ہی میں ہونے والے سروے میں ماہرین کے سامنے یہ بات آئی کہ وہ عمر رسیدہ افراد جن کے ہاتھ اور پیر اکثر سُن ہوجاتے ہیں اُن کے لیے کینو کا جوس بہت زیادہ فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر بڑی عمر کے لوگوں کو تین ماہ تک روزانہ ایک گلاس کینو کا جوس پلایا جائے تو ہاتھ پاؤں سُن ہونے کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے کیونکہ کینو کا رس خون کی مقدار کو بڑھا دیتا ہے۔ ہاتھ پیر سُن ہونے کا مسئلہ خون کی کمی کی وجہ سے پیش آتا ہے۔

دل کی بیماریوں کے لیے مفید

طبی اور حکمت سے وابستہ ماہرین کے مطابق کینو میں موجود وٹامن سی کی وافر مقدار دل کی شریانوں کو سخت ہونے سے محفوظ رکھتی ہیں جس کی وجہ سے کوئی بھی شخص امراضِ قلب سے محفوظ رہتا ہے۔

بلڈ پریشر کے لیے مفید

ماہرین کے مطابق وٹامن سی خون کو پتلا کرتا ہے جس سے روانی بحال ہوتی ہے اور اس کی وجہ سے بلڈپریشر کی کمی یا زیادتی کا مرض بھی ختم ہوتا ہے۔

کینسر سے حفاظت

ماہرین کے مطابق کینو میں موجود اینٹی آکسیڈینٹس خلیات اور ڈی این اے کو ٹوٹ پھوٹ سے محفوظ رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ آنتوں کے سرطان کا مرض بھی ان کی کمی کی وجہ سے ہوتا ہے۔

زہریلے مادوں کا اخراج

ماہرین کے مطابق روزانہ ایک گلاس اورنج جوس جسم کے اندر موجود زہریلے اور فاسد مادوں کو ختم کرتا ہے۔

خون کی روانی کے لیے مفید

کینو کا استعمال نہ صرف خون کو پتلا کرتا ہے بلکہ اس کی روانی کو بھی بہتر بناتا ہے۔

خون کے خلیات کی افزائش

کینو یا اُس کا جوس انسانی جسم میں موجود سرخ خلیات (ریڈ سیلز) کی پیداوار میں اضافہ کرتا ہے جس کی وجہ سے جسم میں نیا خون پیدا ہوتا ہے۔

مدافعتی نظام کی مضبوطی

ماہرین کے مطابق وٹامن سی انسان کے مدافعتی نظام کو مضبوط اور بہتر بناتا ہے، چونکہ کینو میں یہ وٹامن وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں اس لیے ایک گلاس جوس یا ایک کینو روزانہ کھانا ضروری ہے۔

جلد اور بالوں کے لیے مفید

وٹامن سی کی مناسب مقدار جسم کے دفاعی نظام کو ہی مضبوط نہیں کرتی بلکہ خاص پروٹین کی مقدار کو مستحکم رکھنے میں بھی مدد دیتی ہے جو بالوں اور جلد کے لیے بہت ضروری ہے۔

کینو وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے جبکہ اس میں وٹامن اے بھی پایا جاتا ہے جو بالوں کی نمی برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

دفاغی افعال بہتر بنانے کے لیے مفید

کینو میں موجود مختلف قدرتی اجزا جیسے پوٹاشیم، وٹامن بی، اینٹی آکسائیڈ دماغی صحت اور افعال کو بہتر بنانے کے لیے بہت مفید ہیں کیونکہ پوٹاشیم دماغ کی جانب جانے والے خون کے بھاؤ کو بڑھاتے ہیں جس سے اعصابی سرگرمیاں بڑھ جاتی ہے، اسی طرح وٹامن بی بڑی عمر کی وجہ سے آنے والی دماغی تنزلی کی روک تھام کے امراض سے محفوظ رکھتا ہے جبکہ یہی وٹامن ذہنی امراض سے بھی محفوظ رکھتے ہیں۔

حاملہ خواتین کے لیے فائدہ مند

کینو میں قدرتی طور پر وٹامن بی اور فولک ایسڈ موجود ہوتے ہیں جو حمل کے دوران خواتین کے لیے بہت ضروری ہوتے ہیں۔ واضح رہے کہ فولک ایسڈ کی کمی بچوں کے پیدائشی وزن میں کمی کا باعث بنتی ہے۔

علاوہ ازیں ماہرین کا ماننا ہے کہ کینو کا استعمال خون کی شریانوں کی صحت، معدے کو مضبوط بنانے اور موسمی امراض سے لڑنے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔

نوٹ: ذیابیطس کے مرض میں مبتلا افراد اپنے طبیب سے مشورے کے بعد ہی کینو کا جوس استعمال کریں۔

Facebook Comments