منگل 23 اپریل 2024

کرونا ویکسین: بیلجیئم کا اہم اعلان

کرونا ویکسین: بیلجیئم کا اہم اعلان
فوٹو : رائٹرز

برسلز:(دھرتی نیوز) بیلجیئم میں آئندہ ماہ سے شہریوں کو کرونا ویکسینز لگائی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق بیلجیئم حکام نے آئندہ ماہ 5 جنوری سے شہریوں کو کرونا ویکسینز لگانے کا اعلان کر دیا ہے، پہلے مرحلے میں کیئر سینٹرز میں بزرگوں اور عملے کو ویکسین دی جائے گی۔

ریجنل ہیلتھ منسٹرز کا کہنا ہے کہ کرونا ویکسی نیشن مہم کے دوران 3 لاکھ شہریوں کو 3 ہفتے میں 2 بار ڈوز دی جائے گی۔

ادھر بیلجیئم میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی آ گئی ہے، حکومتی پابندیوں اور عوامی تعاون کے اثرات سامنے آ نے لگے ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ اسپتال لائے جانے والے مریضوں کی اوسط تعداد 197 ہو گئی ہے۔

ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے اموات کی شرح میں بھی 23 فی صد سے زائد کمی ہو چکی ہے۔

 واضح رہے کہ عالمی سطح پر کرونا وائرس سے متاثرہ 218 ممالک اور علاقوں میں کرونا کیسز کی تعداد کے لحاظ سے بیلجیئم کا نمبر 19 واں ہے، جہاں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 84 ہزار ہے، جب کہ اموات کی تعداد 17 ہزار ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بیلجیئم میں 2 ہزار 600 نئے کیسز سامنے آئے اور 122 کرونا مریض دوران علاج جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ بیلجیئم کو وِڈ 19 کی ویکسینز کے 22.4 ملین ڈوزز خرید چکا ہے، بدھ کو صحت عامہ پر منعقدہ بین الوزارتی کانفرنس میں موڈرنا ویکسین کے 20 لاکھ ڈوز خریدنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، اگر اس ویکسین کو مارکیٹ لائسنس ملتا ہے۔

Facebook Comments