جمعرات 18 اپریل 2024

“جب قربانیوں کی باری آئی نوازشریف پہلے جیل گئے، لاہوریوں سے وفا کی اپیل ہے”

“جب قربانیوں کی باری آئی نوازشریف پہلے جیل گئے، لاہوریوں سے وفا کی اپیل ہے”
فوٹو : رائٹرز

لاہور(دھرتی نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہا ہے کہ جب بھی قربانی دینے کی باری آئی تو نوازشریف سب سے پہلے جیل گئےجبکہ خواجہ آصف کا کہنا تھا  کہ اب لاہوریوں کی جانب سے وفاکرنے کا وقت آگیا ہے۔ 

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نےسوشل میڈیا کنونشن میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج گھرگھر مہنگائی کا رونا ہے،13 دسمبر کو ثابت کرناہےلاہور جاگ رہاہے۔

ان کا کہناتھا کہ جب بھی کبھی قربانی کا وقت آیا تو سب سے پہلے نوازشریف جیل گئے،یہ لوگ نوازشریف کے خلاف ایک بھی الزام ثابت نہیں کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم  نے ووٹ کو عزت دو کی بات کرنی ہے،یہ جو اس وقت ملک میں مہنگائی ہورہی ہے  یہ سب الیکشن چوری کی وجہ سے ہوا ہے۔

 دوسری جانب سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نوازشریف جلاوطنی میں رہ کر بھی آئینی بالادستی کی جنگ لڑ رہے ہیں،آج لاہوریوں کی جانب سےوفا کرنےکا وقت آگیا ہے ہماری درخواست ہے جس طرح میاں نوازشریف نے لاہوریوں سے وفا کی ایسے ہی لاہوری بھی وفا کریں۔

انہوں نے کہا کہ لاہورمیں ہونے والے  جلسے کی گونج ملک کےطول وعرض جانی چاہیے۔ 

خیال رہےپاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم )کا ن لیگ کی میزبانی میں لاہور میں 13دسمبر کو جلسہ ہو گا جس کو کامیاب بنانے کے لیے مسلم لیگ ن کی قیادت سرتوڑ محنت کررہی ہے،آج بھی لاہور میں مسلم لیگ (ن) کاسوشل میڈیا کنونشن ہوا جس سے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے بھی خطاب کیا۔ 

Facebook Comments