جمعرات 25 اپریل 2024

کورونا وائرس کے باعث سری لنکا کرکٹ ٹیم کا دورہ جنوبی افریقہ بھی خدشات کی نظر ہو گیا

کورونا وائرس کے باعث سری لنکا کرکٹ ٹیم کا دورہ جنوبی افریقہ بھی خدشات کی نظر ہو گیا
فوٹو : رائٹرز

لاہور (دھرتی نیوز) عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے باعث سری لنکن کرکٹ ٹیم کا دورہ جنوبی افریقہ بھی خدشات کی نظر ہو گیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق سری لنکا کرکٹ ٹیم کو رواں ماہ جنوبی افریقہ کا دورہ کرنا ہے اور 18دسمبر کو جنوبی افریقہ روانہ ہونا ہے جبکہ دورے کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔

سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس حوالے سے تمام معاملات زیر غور لانے کے بعد ہی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ 

 یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم اس وقت جنوبی افریقہ کے دورے پر ہے جس نے چند روز قبل جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے میچ کھیلنا تھا تاہم ایک کھلاڑی کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث اسے ملتوی کرتے ہوئے اتوار کو ری شیڈول کیا گیا لیکن مزید کورونا وائرس رپورٹ ہونے پر اتوار کو بھی یہ میچ نہ ہو سکا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز میں کورونا کیسز سامنے آنے پر دورے کو ہی منسوخ کردیا گیا ہے۔

قبل ازیں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی تین میچوں کی ٹی 20 سیریز انگلینڈ نے 0-3 سے اپنے نام کرلی تھی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیاں کھیلی جانے والی یہ ون ڈے سیریز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس سیریز کو ری شیڈول کیا جائے گا تاہم اس حوالے سے حتمی تاریخ بارے کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا۔ 

Facebook Comments