جمعہ 19 اپریل 2024

کرونا ویکسین بنانے والی کمپنیوں نے ٹرمپ کا بائیکاٹ کردیا

کرونا ویکسین بنانے والی کمپنیوں نے ٹرمپ کا بائیکاٹ کردیا
فوٹو : رائٹرز

واشنگٹن:(دھرتی نیوز ڈیسک) کرونا ویکسین تیار کرنے والی کمپنیوں فائزر اور موڈرنا نے ٹرمپ کی دعوت کو مسترد کرتے ہوئے سمٹ کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا میں کرونا ویکسین تیار کرنے والی دو بڑی کمپنیوں فائزر اور موڈرنا نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت کو مسترد کرتے ہوئے ویکسین سمٹ میں شرکت کا بائیکاٹ کردیا۔

امریکی صدر کی جانب سے دی جانے والی دعوت کو ’ویکسین سمٹ‘ کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، جس کا مقصد امریکی حکومت کی جانب سے کرونا روک تھام کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات اور پیش رفت سے آگاہ کرنا ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ اور اُن کی انتظامیہ نے فائزر پر الزام عائد کیا تھا کہ کمپنی نے دانستہ طور پر ویکسین کے نتائج جاری کرنے میں دیر کی۔

فائزر نے امریکی صدر کے الزام کو  مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی صدارتی انتخابات پر اثر انداز ہونے کے لیے ویکسین کی تیاری یا نتائج کے اجرا میں کوئی تاخیر نہیں کی گئی، ٹرمپ کا سیاسی بیان عوام کی ہمدردیاں حاصل کرنے کی کوشش تھی۔

فائزر کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر البرٹ بورلا نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے موصول ہونے والے دعوت نامے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’وارپ اسپیڈ‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والے پروگرام میں کوئی شرکت نہیں کرے گا۔

موڈرنا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اسٹافی بینسل نے بھی شرکت سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ’ٹرمپ نے ویکسین کی تیاری اور نتائج کو سیاسی مسئلہ بنانے کی کوشش کی جبکہ کمپنی عوام کے لیے کام کررہی تھی‘۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ کرونا ویکسین تیار کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے سمٹ کا بائیکاٹ کرنے کی وجہ سے ٹرمپ کو دنیا بھر میں شرمساری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

Facebook Comments