جمعرات 25 اپریل 2024

سعودی عرب : کاپی رائٹ کی خلاف ورزی، کمپنی کو لینے کے دینے پڑگئے

سعودی عرب : کاپی رائٹ کی خلاف ورزی، کمپنی کو لینے کے دینے پڑگئے
فوٹو : رائٹرز

سعودی عرب :(دھرتی نیوز) سعودی حکومت نے تجارتی ادارے کے آرٹ ورک کو غیر قانونی طور پر استعمال کرنے والی کمپنی پر بھاری مالیت کا جرمانہ عائد کرتے ہوئے تشہیری مواد تلف کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک تجارتی ادارے کی جانب سے کاپی رائٹ کے قانون کے تحت سعودی اتھارٹی میں شکایت درج کرائی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ اس کے تیارکردہ آرٹ ورک کو بغیراجازت کے استعمال کیا جارہا ہے۔

سعودی انٹیلیکچول پراپرٹی اتھارٹی کی جانب سے شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کی مرتکب کمپنی پر ایک لاکھ 48 ہزار ریال جرمانہ عائد کردیا گیا۔

کمپنی کی جانب سے شکایت موصول ہونے پر اتھارٹی کی تفتیشی ٹیم نے تحقیقات کی تو معلوم ہوا کہ شکایت درست تھی جس پر تادیبی کارروائی کرتے ہوئے بغیر اجازت آرٹ ورک استعمال کرنے والی کمپنی پر بھاری مالیت کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

سعودی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کاپی رائٹ کے قانون کے تحت کسی کی تصویر تحریر یا رجسٹرڈ اشیاء بغیر تحریری اجازت کے استعمال کرنا قانون شکنی کے زمرے میں آتا ہے ایسا کرنے پر اتھارٹی کو تادیبی کارروائی کا حق حاصل ہے۔

اتھارٹی کی جانب سے جرمانے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ جس کمپنی کا آرٹ ورک بغیر اجازت کے استعمال کیا گیا اسے ہرجانے کے طور پر59 ہزار ریال ادا کیے جائیں اس کے علاوہ قانون شکنی پر 89 ہزار ریال جرمانہ اس کے علاوہ ہوگا۔

خلاف ورزی کی مرتکب کمپنی کو اس امر کا بھی پابند بنایا گیا ہے کہ وہ مارکیٹ میں موجود وہ تمام ڈیزائن اور تشہیری مواد ہٹا کر انہیں تلف کرے جو اس کی جانب سے بغیر اجازت کے استعمال کیے گئے ہیں۔

Facebook Comments