بدہ 24 اپریل 2024

پاکستان میں کرونا ویکسین کب دستیاب ہوگی؟ معاون خصوصی نے بتادیا

پاکستان میں کرونا ویکسین کب دستیاب ہوگی؟ معاون خصوصی نے بتادیا

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ سماجی فاصلہ اور ماسک کا استعمال عالمی وبا سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ اس وقت کراچی میں کرونا کیسز کی شرح سب سے زیادہ ہے۔

معاون خصوصی نے اس بات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کے گنجان آباد علاقوں میں کووڈ تیزی سے پھیل رہا ہے، مگر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے وبا میں کمی آجاتی ہے، سماجی فاصلہ اور ماسک کا استعمال کرونا سے محفوظ رکھ سکتا ہے کیونکہ ایک دوسرے سے ملنا جلنا ہی بیماری کو پھیلانے کا سبب بنتا ہے۔

باخبر سویرا میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے پاکستان کو کرونا کی ویکسین کے حصول کے حوالے سے بتایا کہ فروری یا مارچ دو ہزار اکیس تک پاکستان میں کرونا ویکسین دستیاب ہوجائے گی۔

گذشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پورے پاکستان خصوصاً بڑے شہروں میں کرونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، کوویڈ 19کے بڑھتے ہوئے کیسز میں اضافے کے باعث اسپتالوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے، اس جان لیوا وبا پر قابو پانے کے لیے پوری قوم کا تعاون کرنا بے حد ضروری ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو اس وبا سے بچنے کیلئے کورونا ایس اوپیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا، ماسک لازمی پہنیں اور ایک دوسرے سے فاصلہ برقرار رکھیں، اس کے علاوہ اجتماعات سے جانے سے گریز کریں۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 7.98 فیصد ہے۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ سندھ میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 12.13 فیصد، خیبرپختونخوا میں 11.68 فیصد، بلوچستان میں 9.30 فیصد اور پنجاب میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 4.39 فیصد ہے۔

اس کے علاوہ اسلام آباد میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 4.68 فیصد، آزاد جموں کشمیر میں یہ شرح 8.78 فیصد اور گلگت بلتستان مثبت کیسز کی شرح 1.98 فیصد ہے۔

Facebook Comments