جمعہ 26 اپریل 2024

کرپٹو کرنسی رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں روکنے کا حکم آگیا

کرپٹو کرنسی رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں روکنے کا حکم آگیا

کراچی(دھرتی نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ڈیجیٹل کرنسی کرپٹو رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں کرنے سے روک دیا۔جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں جسٹس امجد علی سہتو پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو ایف آئی اے کی جانب سے ڈیجیٹل کرنسی کرپٹو رکھنے والوں کے خلاف کارروائیوں پر درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ غلام رومی سمیت 47 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، ایف آئی آرز میں کہا گیا کہ اسٹیٹ بینک نے کرپٹو کرنسی پر پابندی عائد کر رکھی ہے حالانکہ اسٹیٹ بینک واضح کر چکا کہ کسی قسم کی پابندی نہیں، یہ صرف میرا مسئلہ نہیں ، پورے پاکستان کا مسئلہ ہے۔

دوران سماعت عدالتی حکم کے باوجود وفاقی حکومت اور ایف آئی اے کی جانب سے جواب جمع نہ کرانے پر عدالت ایف آئی اے اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل گل فراز خٹک پر برہم ہوگئی۔ ایف آئی اے ڈپٹی ڈائریکٹر کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے سخت برہمی اظہار برہمی کیا اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے جب آپ کی حدود ہی نہیں تو کارروائیاں کیوں کر رہے ہیں؟ کیا ہماری بات سمجھ نہیں آتی؟ عدالت نے ریمارکس دیئے جب تک آپ تفتیش نہیں کرتے، درخواست گزار کو ہراساں نہ کریں۔

عدالت نے اظہار برہمی کیا کہ اپنا کام کرتے نہیں الٹا لوگوں کو ہراساں کرتے ہیں، بار بار طلبی پر ایف آئی اے حکام پیش نہیں ہوتے، نہ ایف آئی اے کا تفتیشی افسر آتا ہے اور نہ ہی کوئی جواب، جب ایف آئی اے کا دائرہ کار ہی نہیں تو کارروائی کیسے کر رہے ہیں؟ ایف آئی اے کس قانون کے تحت درخواست گزار کو ہراساں کر رہی ہے، لکھ کر دیں تحقیقات ہونے تک کسی کو ہراساں نہیں کریں گے۔

عدالت نے ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم کو جواب کے لیے آخری مہلت دیتے ہوئے وضاحت کے لیے آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔ جسٹس امجد سہتو نے ریمارکس دیئے ایف آئی اے والے اپنا کام کرتے ہیں نہ لوگوں کو کاروبار کرنے دیتے ہیں، جب تک ایف آئی اے تحریری جواب جمع نہیں کراتا کسی کو ہراساں نہیں کرے گا۔

ایف آئی اے کے نمائندے نے بیان دیا کہ کرنسی کو غیرقانونی قرار نہیں دیا گیا جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے جب کرنسی غیر قانونی نہیں تو ایف آئی اے کارروائی کیسے کر رہا ہے؟ جسٹس امجد سہتو نے وکیل اسٹیٹ بینک سے استفسار کیا آپ کو پتا ہے ورچوائل کرنسی کتنی بڑھ گئی تھی؟ ڈیجیٹل کرنسی کرپٹو پر کارروائیاں کرنے پر ایف آئی اے وضاحت دے، ایف آئی اے بتائے جب کرپٹو کرنسی غیر قانونی نہیں تو کیسے مقدمہ ہوگیا۔

عدالت نے ایف آئی اے سائبر کرائم کو کارروائیاں کرنے سے روکتے ہوئے تمام ایف آئی آرز پر کارروائی روکنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے ایف آئی اے لوگوں کا کاروبار کیوں روک رہا ہے؟ عدالت نے سماعت 13 جنوری تک ملتوی کردی۔

Facebook Comments