جمعہ 29 مارچ 2024

سابق بھارتی فاسٹ باؤلر عرفان پٹھان نے محمد عامر کی ریٹائرمنٹ پر کیا کہا؟

سابق بھارتی فاسٹ باؤلر عرفان پٹھان نے محمد عامر کی ریٹائرمنٹ پر کیا کہا؟
فوٹو : رائٹرز

لاہور (دھرتی نیوز) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے قومی کرکٹر محمد عامر کے کرکٹ مینجمنٹ سے مایوس ہو کر کرکٹ کو الوداع کہنے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فاسٹ باؤلر کیلئے ابھی بہت سی کرکٹ باقی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق عرفان پٹھان نے ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں محمد عامر کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ ’حال ہی میں لنکا پریمیر لیگ (ایل پی ایل) میں میرا عامر سے سامنا ہوا۔

عامر کے کرکٹ چھوڑنے کے فیصلے کے حوالے سے میں یہ ضرور کہوں گا کہ عامر کیلئے ابھی بہت سی کرکٹ باقی ہے، عامر اب بھی اچھے باؤلر ہیں، میری خواہش ہے ان کا مستقبل بھی اچھا ہو۔“

اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے محمد عامر کی طرف سے انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑنے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عامر کو میرے حوالے کردیں اور پھر جادو دیکھیں، یوں ضائع نہ کریں۔

واضح رہے کہ محمد عامر نے قومی کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ سے مایوس ہو کر کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے جن کا کہنا ہے کہ مجھے ذہنی طور پر ٹارچر کیا جارہا ہے، اتنا ذہنی دباؤبرداشت نہیں کرسکتا ، موجودہ ٹیم مینجمنٹ مجھے کھیلانا نہیں چاہتی، فی الحال اس مینجمنٹ کی وجہ سے کرکٹ چھوڑ رہا ہوں۔


دوسری جانب پی سی بی نے عامر کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کو ذاتی فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ کسی بھی انٹرنیشنل میچ کیلئے محمد عامر کے نام پر غور نہیں کیا جائے گا۔

Facebook Comments