جمعہ 29 مارچ 2024

حکومت نے کشمیر کو مکمل طور پر فراموش کر دیا،سراج الحق

حکومت نے کشمیر کو مکمل طور پر فراموش کر دیا،سراج الحق

جماعت اسلامی کے سینیٹر سراج الحق نے کہا ہےکہ پی ٹی آئی کی حکومت نے کشمیر کو مکمل طور پر فراموش کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت اپوزیشن سے نمٹنے کی پالیسیاں بنانے کی بجائے عوامی مسائل کو سنجیدگی سے لے تو بہتر ہو گا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وزیراعظم نے لوگوں کو مرغیاں اور کٹے پالنےکے مفت مشورے ہی فراہم کیے، ڈھائی برسوں میں حکومت کے کریڈٹ پر چند لنگرخانوں کی تعمیرکے علاوہ اور کچھ نہیں۔

سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ عوام روٹی دال کے لیے پریشان، 44فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں، لاکھوں نوجوان روزگار کے لیے مارے مارے پھر رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ چترال سے لے کر کراچی تک حکومت کی ناکامیوں کی داستان ہر جگہ پھیل چکی جبکہ اندرون سندھ اور کراچی کے حالات بیان کرنے کے قابل نہیں۔

سراج الحق کا یہ بھی کہنا تھا کہ کراچی کی حالت بدلنے کے لیے اربوں روپے کے پیکجز کاغذوں تک محدود رہے جبکہ کے پی میں بھی ترقی کا پہیہ الٹا گھوم رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ بدامنی اور غربت نے بلوچستان میں ڈیرے جمائے ہوئے ہیں جبکہ پنجاب میں بھی عوام مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں تنگ ہیں۔

Facebook Comments