جمعہ 29 مارچ 2024

بینظیر بھٹو کی برسی، پی ڈی ایم آج گڑھی خدا بخش میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرےگی

بینظیر بھٹو کی برسی، پی ڈی ایم آج گڑھی خدا بخش میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرےگی

سابق وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو کی 13 ویں برسی کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی پیپلز پارٹی نے گڑھی خدا بخش میں جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں، کارکنوں اور رہنماؤں کی آمد جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر آج ہونے والے جلسے میں شرکت کے لیےپاکستان مسلم لیگ ن کا 9 رکنی وفد مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی سربراہی میں نوڈیرو میں بھٹو ہاوس پہنچ گیا ۔

چئیرمین بلاول بھٹو زرداری، آصفہ بھٹو زرداری،  فریال تالپور اور شیری رحمان نے لیگی وفد کا استقبال کیا۔

گڑھی خدا بخش بھٹو میں مزار کے احاطے میں وسیع اسٹیج سجا دیا گیا،  100 فٹ چوڑے اور 40 فٹ اونچے بڑے اسٹیج پر جدید ایل ای ڈی اسکرین بھی نصب کر دی گئی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو، آصف علی زرداری اور دیگر پارٹی رہنما جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

جلسے میں مسلم لیگ( ن) کی نائب صدر مریم نواز اور جے یو آئی( ف) کا وفد مولانا عبدالغفور حیدری کی قیادت میں شرکت کرے گا تاہم مولانا فضل الرحمٰن جلسے میں شریک نہیں ہوں گے۔

لاڑکانہ میں مزارکے تمام مرکزی گیٹس بند کر دئے گئے، تاہم جیالوں نے گیٹس کھولنے کا مطالبہ  کرتے ہوئے مرکزی گیٹ پر نعرے بازی بھی کی۔

صرف یہی نہیں بلکہ گڑھی خدا بخش بھٹو میں بغیر ماسک کے جیالوں کی دھکم پیل بھی دیکھی گئی۔

برسی پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات  کیے گئے ہیں،سیکورٹی کے لئے 7 ہزار پولیس اہلکار فرائض انجام دیں گے ۔

 دو سو خواتین پولیس اہلکار بھی سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہیں ،سیکورٹی کے ساتھ ساتھ بم ڈسپوزل اسکواڈ یونٹ بھی موجود ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سادہ لباس اہلکار بھی جلسہ گاہ میں موجود ہونگے۔

برسی کے جلسے میں شریک ہونے والے افراد کو جامع تلاشی کے بعد داخلے کی اجازت ہوگی۔

واضح رہےکہ بے نظیر بھٹو 21 جون 1953میں پیدا ہوئیں اور محترمہ بے نظیر ذوالفقار علی بھٹواور بیگم نصرت بھٹو کی سب سے بڑی بیٹی تھیں۔

جلا وطنی کے بعد 2007 میں بے نظیر بھٹو کراچی واپس آئیں جہاں ان کے قافلے پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے تاہم حملے میں بے نظیر بھٹو محفوظ رہیں لیکن 27 دسمبر 2007 میں راولپنڈی کے لیاقت باغ میں قاتلانہ حملے میں شہید ہو گئیں تھی۔

Facebook Comments