بدہ 24 اپریل 2024

”وزیراعظم بننے کا امیدوار نہیں، صرف انسانیت کیلئے کام کرنا چاہتا ہوں“ شاہد آفریدی کا دوٹوک اعلان

”وزیراعظم بننے کا امیدوار نہیں، صرف انسانیت کیلئے کام کرنا چاہتا ہوں“ شاہد آفریدی کا دوٹوک اعلان
فوٹو : رائٹرز

راولپنڈی (دھرتی نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان اور جارح مزاج آل راﺅنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ میں وزیراعظم بننے کا امیدوار نہیں ہوں تاہم فلاحی کام کرنے والا ہمیشہ وزیراعظم رہتا ہے اور میں انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنا چاہتا ہوں۔

دھرتی نیوز کی تفصیلات کے مطابق نجی ہوٹل میں کشمیر پریمیر لیگ (کے پی ایل) اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے مابین ہونے والے مفاہمتی یاداشات کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ سب پاکستانیوں کو کشمیر لیگ کو سپورٹ کرنا چائیے، یہ ایک زبردست ایونٹ ہے اور کشمیر لیگ کی نمائندگی میرے لئے اعزاز کی بات ہے، میں اس لیگ کا برانڈ ایمبسڈر ہوں، کشمیر کے اندر میچز ہوں گے تو کشمیر کو فائدہ ہوگا۔

 شاہد آفریدی نے کشمیر میں کرکٹ اکیڈمی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے بچوں کو کرکٹ کی طرف لاﺅں گا، نئے اور اچھے ٹیلنٹ کو فاؤنڈیشن سپورٹ کرے گی، سپورٹس کے علاوہ صحت کے حوالے سے بھی کشمیر میں کام کروں گا،جب میں کورونا وائرس کے دنوں میں کام کر رہا تھا تو لوگ کہہ رہے تھے کہ یہ وزیراعظم بننا چاہتا ہے، مستحق لوگوں کو ان کا حق دلانا سیاست سے بڑا کام ہے، میں مستحق لوگوں کیلئے کام کرتا رہوں گا اور ہمیشہ وزیراعظم رہوں گا، میں وزیراعظم نہیں بننا چاہتا بلکہ صرف انسانیت کیلئے کام کرنا چاہتا ہوں، وزیر اعظم تین چار سال کیلئے ہوتا ہے، میں جو کام کر رہا ہوں اس کی وجہ سے جب تک زندگی میں اپنی ذات میں خود وزیر اعظم رہوں گا،

یہ بھی پڑھیں : ”عبدالرزاق کو بھی بورڈ کی طرف سے محمد عامر جیسے سلوک کا سامنا کرنا پڑا“ شاہد خان آفریدی نے انکشاف کر دی

 سابق کپتان نے کہا کہ بھارت نے جموں کشمیر میں ظلم کی انتہا کر دی ہے، دنیا میں کہیں بھی ناانصافی ہو رہی ہو تو وہاں ہمیں آواز اٹھانی چاہیے، مجھے کوئی فکر نہیں کہ پڑوسی ملک میں کام ملے گا یا نہیں، ایسا وقت ضرور آئے گا جب کشمیریوں کو آزادی ملے گی، حکمرانوں پرذمہ داری ہے کشمیریوں کے حق کیلئے دوبارہ آواز اٹھائیں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے کام کرنا چائیے، پی سی بی کا کام کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ خود کو بھی گروم کرنے کی ضرورت ہے، ماضی میں میرے ساتھ ،شعیب اختر اور عبدالرزاق کے ساتھ بھی محمد عامر جیسا معاملہ ہوا۔

Facebook Comments