جمعہ 29 مارچ 2024

”کل کا پہلا سیشن بہت اہم ہو گا“ قومی ٹیم کی منصوبہ بندی کیا ہے؟ اظہر علی نے بتا دیا

”کل کا پہلا سیشن بہت اہم ہو گا“ قومی ٹیم کی منصوبہ بندی کیا ہے؟ اظہر علی نے بتا دیا
فوٹو : رائٹرز

لاہور (دھرتی نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں کل کا پہلا سیشن بہت اہم ہو گا۔

اگرچہ اب پچ پر بلے بازوں کیلئے شاٹ کھیلنا مشکل ہو چکا ہے لیکن کوشش یہی ہے کہ سیٹ ہونے کے بعد جتنا لمبا کھیلا جا سکے کھیلیں۔

دھرتی نیوز کی تفصیلات کے مطابق اظہر علی نے کہا کہ ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز بیٹنگ کرنا مشکل ہوتا ہے، ہماری کوشش ہو گی کہ لمبی پارٹنر شپ لگائیں لیکن پچ بالکل اب ویسی ہو گئی ہے جیسے ایشیاءمیں پانچویں روز ہوتی ہے، اس پچ پر سپنرز کو زیادہ باؤنس ملتا ہے اور پانچویں روز بھی مزید ملے گا لیکن نیوزی لینڈ نے اب تک فاسٹ باﺅلنگ پر انحصار کیا ہوا ہے۔

 قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ بیٹسمینوں کیلئے شاٹ کھیلنا مشکل ہو چکا ہے، کوشش یہی ہے کہ سیٹ ہونے کے بعد جتنا لمبا کھیلا جاسکے کھیلیں، کوشش کریں گے کہ میں اور فواد عالم اپنی پارٹنر شپ کو لمبا لے کر جائیں کیونکہ پچ ایسی ہے کہ اگر آپ سیٹ ہو جائیں تو پورا دن بھی کھیل سکتے ہیں، کل کا پہلا سیشن اہم ہے، جب تین وکٹیں گر چکی ہوں تو دباؤہوتا ہے، اس صورتحال میں پازیٹو رہنے کی کوشش کی جاتی ہے، ہمارا پلان یہی ہے کہ جو بیٹسمین سیٹ ہوجائے وہ اس پچ پر زیادہ وقت گزاریں۔

سابق کپتان نے نیوزی لینڈ کے فاسٹ باﺅلر نیل ویگنر کے ان فٹ ہونے کے باوجود کھیلنے کی تعریف کی اور کہا کہ نیل ویگنر نے ہم سب کیلئے ایک مثال قائم کی ہے، انجری کے باوجود کھیلنے پر ہم نیل ویگنر کی بہت عزت کرتے ہیں، دوسری اننگز سے پہلے وارم اپ کے دوران لگا، وہ نہیں کھیلیں گے لیکن وہ پاؤں میں فریکچر کے باوجود میچ کھیل رہے ہیں جو قابل ستائش ہے، نیل ویگنر نے یہ ثابت کردیا کہ اپنے ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ نہیں۔

 واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ماؤنٹ مانگانوئی ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف مشکلات سے دوچار ہے، قومی ٹیم کی تین وکٹیں گر چکی ہیں اور اس نے 373 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 71 رنز بنائے ہیں جبکہ سابق کپتان اظہر علی اود فواد عالم کریز پر موجود ہیں۔

Facebook Comments