جمعرات 18 اپریل 2024

وسطی کروشیا میں زلزلہ، کتنے افراد ہلاک ہوگئے؟

وسطی کروشیا میں زلزلہ، کتنے افراد ہلاک ہوگئے؟

وسطی کروشیا میں زلزلے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق دارالحکومت زگرب کے جنوب مشرق میں واقع شہر پیٹرنجا میں زلزلے سے زیادہ تباہی ہوئی جبکہ مواصلاتی نظام تباہ ہوگیا۔

کروشیا میں آنے والے زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی جس کا مرکز دارالحکومت زگرب سے 50 کلومیٹر کی دوری پر تھا۔

مقامی میڈیا کے مطابق مذکورہ مقام کروشیا کا وسطی قصبہ پیترینیا کے نام سے مشہور ہے۔

زلزلے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ یہ پورے ملک کے علاوہ سربیا، بوسنیا اور ہرزیگوینا اور جنوبی آسٹریا تک محسوس کیا گیا۔

کروشین وزیر دفاع ٹومو میدویڈ نے بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد 6 تک پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پیٹرنجا میں 12 سالہ لڑکی جبکہ گلینا کے قریب 5 افراد ہلاک ہوگئے۔

مقامی میڈیا کے مطابق مزید متاثرین کا خدشہ ہے جبکہ فوج، فائر فائٹرز، ایمبولینس ہنگامی کاموں میں مصروف ہیں۔

پیٹرنجا کے میئر ڈیرنکو ڈمبوچ نے ایک بیان میں کہا کہ ’میرا شہر مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے، ہمارے بچے مر چکے ہیں اور یہ ہیروشیما کی طرح ہے کہ آدھا شہر اب موجود نہیں ہے‘۔

دوسری جانب کروشیا میں زلزلے سے ہونے والے نقصان کے پیش نظر یورپی کمیشن کی صدر نے متاثرہ ملک کے لیے مدد فراہم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں برس اکتوبر میں ترکی اور یونان میں زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 26 افراد ہلاک اور متعدد عمارتیں زمین بوس ہو گئی تھیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز سموس میں یونان کے علاقے کارلوواسی سے 14 کلومیٹر دور تھا اور ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7 ریکارڈ کی گئی تھی۔

Facebook Comments