ھفتہ 20 اپریل 2024

کرونا وائرس: صرف ایک غلطی نے جوڑے کو موت کے گھاٹ اتار دیا

کرونا وائرس: صرف ایک غلطی نے جوڑے کو موت کے گھاٹ اتار دیا

واشنگٹن(دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں ایک جوڑا کرونا وائرس کے تمام عرصے کے دوران سخت احتیاط کرتا رہا تاہم صرف ایک غلطی کے باعث دونوں میاں بیوی کرونا وائرس کا شکار ہو کر موت کے گھاٹ اتر گئے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق مائیک اور کیرول برونو نامی جوڑے نے کووڈ 19 سے بچنے کے لیے ہر ممکن تدبیر کی، خاندان کے تمام اجتماعات سے پرہیز کیا اور فون کالز اور ویڈیو کانفرنسز تک محدود ہوگئے۔

تاہم صرف ایک غلطی کے باعث وہ کووڈ 19 کا شکار ہو کر موت کے گھاٹ اتر گئے۔

نومبر کے آخر میں کیرول برونو بیٹے جوزف کے گھر اپنی بیٹی کے ساتھ آئی تاکہ شوہر کے بال کاٹ سکیں۔ اس سے قبل جوزف کی بہن ایک سیلون میں کام کرتی تھیں اور کووڈ 19 ٹیسٹ بھی نیگٹو رہا تھا، جبکہ وہ 3 سے 4 دن قرنطینہ میں رہی تھیں تاکہ خاندان کو بتاسکیں کہ ان کے ارگرد رہنا محفوظ ہے۔

وہ 40 منٹ تک اپارٹمنٹ میں رہیں اور ان کی موجودگی کے دوران جوڑے نے ماسک پہن رکھے تھے اور گلے ملنے سے گریز کیا تھا۔ مگر اس کے اگلے دن ہی جوزف کی بہن میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے لگیں، جس کے فوری بعد ماں اور بیٹے کی طبیعت بھی خراب ہوگئی۔

نومبر کے آخر میں کیرول کو ہسپتال میں داخل کروایا گیا مگر حالت بہتر ہونے پر اسی ہفتے ڈسچارج کردیا گیا، تاہم 2 دن بعد انہیں پھر سے اسپتال جانا پڑا اور اس بار انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا۔

اس کے بعد ان کے شوہر بھی بیمار ہوگئے، انہیں بھی کووڈ 19 کی علامات کا سامنا ہوا۔ جس دن انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا، ان کی اہلیہ چل بسیں جبکہ 9 دن بعد کرسمس سے صرف 2 دن قبل مائیک کا بھی انتقال ہوگیا۔

ان کے بیٹے جوزف برونو نے امریکی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان کا المیہ لوگوں کو یاد دہانی کروائے گا کہ آپ کتنے بھی محفوظ رہنے کی کوشش کریں، کووڈ 19 کا شکار ہونا بہت آسان ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر میں وہ 40 منٹ اپنی والدہ کے ساتھ نہ گزارتا تو میرے والدین آج بھی زندہ ہوتے۔

Facebook Comments