ھفتہ 20 اپریل 2024

اسلام اباد:پولیس کی مشکوک گاڑی پرفائرنگ،ڈرائیورجاں بحق

اسلام اباد:پولیس کی مشکوک گاڑی پرفائرنگ،ڈرائیورجاں بحق

اسلام آباد پولیس کی کالے شیشوں والی مشکوک گاڑی پر فائرنگ سے ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے جی 10 میں جمعہ کی رات کالے شیشیوں والی گاڑی پر فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کی جانب سے دعویٰ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اے ٹی ایس اہلکاروں کو مشکوک گاڑی کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔

دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس نے بھی دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعہ کی رات کو کال ملی کہ گاڑی سوار ڈاکو شمس کالونی میں ڈکیتی کی کوشش کر رہے ہیں، جس پر اے ٹی ایس پولیس نے کالے شیشوں والی مشکوک گاڑی کا تعاقب کیا۔

پولیس کا اپنے بیان میں دعویٰ ہے کہ گاڑی نہ روکنے پر اہل کاروں نے ٹائروں پر فائر کئے، تاہم اسی اثنا میں 2 گولیاں گاڑی ڈرائیور کو لگیں، جس سے اس کی موت واقع ہوئی۔

تحقیقات کا حکم

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ آئی جی اسلام آباد نے واقعہ کا نوٹس لے کر تحقیقات کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدیں ہیں، جب کہ آس پاس کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کرلی گئی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز کی زیرنگرانی ایس ایس پی سی ٹی ڈی کی سربراہی میں ایس پی صدر اور ایس پی انوسٹی پر مشتمل ٹیمیں تحقیقات کریں گی۔ آئی جی کی جانب سے پولیس ٹیموں کو وقوعہ کی مکمل تحقیقات کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ وقوعہ کی فوری حقائق پر مبنی تحقیقات کرکے اصل حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق نوجوان کی عمر 21- سے 22 سال کے درمیان ہے۔

موصول تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متعدد گولیاں گاڑی کی ونڈ اسکرین پر بھی لگی ہیں، جو آر پار ہوئیں، جب کہ گاڑی کی سائیڈ پر بھی گولیاں لگنے کے نشانات موجود ہیں

Facebook Comments