جمعرات 28 مارچ 2024

ہرشل گبز کراچی کنگزکے نئے ہیڈ کوچ مقرر

ہرشل گبز کراچی کنگزکے نئے ہیڈ کوچ مقرر

جنوبی افریقہ کے سابق اوپنر ہرشل گبز کو پی ایس ایل 6 کے لئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔

یہ تقرری پی ایس ایل 5 پلے آف سے قبل سابق ہیڈ کوچ اور آسٹریلین لیجنڈ ڈین جونز کے انتقال کے بعد ہوئی ہے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم نے پلے آف مرحلے میں عبوری ہیڈ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دی تھیں۔

46 سالہ ہرشل گبز نے جنوبی افریقہ کے لئے 23 ٹی ٹونٹی ، 248 ون ڈے اور 90 ٹیسٹ کھیلے ہیں، انہوں نے 1996ء سے 2010ء کے دوران 400 ٹی ٹونٹی ، 8094 ون ڈے اور 6167 ٹیسٹ رنز بنائے، وہ عالمی کرکٹ میں ایک اوور میں 6 چھکے لگانے والے دنیا کے پہلے بلے باز ہیں۔

ہرشل گبز نے 12 مارچ 2006ء کو آسٹریلیا کے خلاف میچ میں کیریئر بیسٹ 175 رنز سکور کرکے جنوبی افریقہ کو تاریخ رقم کرنے میں مدد فراہم کی تھی، گبز نے کپتان گریم سمتھ کیساتھ 187 رنز کی شراکت بھی بنائی تھی، اس مقابلے میں پروٹیز نے 438 رنز کا ریکارڈ ہدف حاصل کیا تھا۔

اس کے علاوہ انہوں نے جنوبی افریقہ کیلئے بلے بازی، فیلڈنگ میں کئی بہترین پرفارمنس دیں۔

گبز نے یورو ٹی 20 سلیم کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاحی ایڈیشن کے لئے روٹرڈیم رائنوس کے ہیڈ کوچ کے طور پر خدمات انجام دیں۔

Facebook Comments