ھفتہ 20 اپریل 2024

پی ایس ایل 6: میچز محدود شائقین کے ساتھ کرانے کی تجویز سامنے آ گئی

پی ایس ایل 6: میچز محدود شائقین کے ساتھ کرانے کی تجویز سامنے آ گئی

لاہور(دھرتی نیوز) پاکستان سپر لیگ سیزن 6 (2021) کے میچز محدود شائقین کے ساتھ کرانے کی تجویز سامنے آ گئی ہے، تاہم حتمی فیصلہ حکومت کی اجازت سے مشروط ہوگی۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے اجازت ملنے اور حتمی فیصلے کے بعد  پی ایس ایل سیزن 2021 میں شائقین کرکٹ کو اپنے پسندیدہ کرکٹرز سٹیڈیم میں بیٹھ کر ان ایکشن دیکھنے کا موقع ملے گا۔

ذرائع کے مطابق تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دینے پر فرنچائز مالکان بھی حق میں ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کورونا وبا کی صورتحال اور اس کے اثرات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ کرکٹ اور عوام کے وسیع تر مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

چیف ایگزیکٹیو آفیسر لاہور قلندرز عاطف رانا شائقین کی محدود تعداد میں اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت کی حمایت کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ بغیر شائقین کے لیگ کا مزہ نہیں آتا۔

عاطف رانا کے مطابق آسٹریلیا میں محدود شائقین کے ساتھ کرکٹ شروع ہوگئی ہے،بغیر شائقین کے لیگ کا مزہ نہیں آتا ہے، کورونا وبا کی وجہ سے چیلنجز ضرور ہیں، پی سی بی کے ساتھ ملکر درست فیصلہ کرینگے۔

پی ایس ایل سیزن سکس کی ڈرافٹنگ جنوری کے دوسرے ہفتے میں لاہور میں منعقد کی جائے گی جبکہ ٹورنامنٹ فروری اور مارچ میں کھیلا جائے گا۔

Facebook Comments