جمعہ 29 مارچ 2024

ٹرمپ کے حامیوں کا کانگریس کی عمارت پرحملہ، 4افراد ہلاک

ٹرمپ کے حامیوں کا کانگریس کی عمارت پرحملہ، 4افراد ہلاک

امریکی کانگریس میں الیکٹورل ووٹوں کی گنتی کے موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے عمارت پر حملہ کے بعد واشنگٹن میں کرفیو نافذ کر دیا گیا جبکہ پولیس سے جھڑپ کے دوران خاتون سمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے۔

مظاہرین رکاوٹیں ہٹا کر کیپیٹل ہل میں داخل ہوئے اور کھڑکیوں کے شیشے توڑ ڈالے۔ ارکان کانگریس کے دفاتر اور اسپیکر کی کرسی پر قبضہ جما لیا جبکہ اس دوران پولیس کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔

پولیس کے مطابق مظاہرین میں شامل ایک خاتون پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئی جبکہ مزید 3 افراد طبی وجوہات کی بنا پر ہلاک ہوگئے۔ اب تک 52 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

 کانگریس کے مشترکہ اجلاس کو روک کر امریکی نائب صدر مائیک پینس اور دیگر ارکان کو محفوظ مقام پر منتقل ہونا پڑا جبکہ ٹرمپ کی اپیل کے بعد مظاہرین کیپیٹل ہل سے منتشر ہوگئے۔

سنگین صورتحال کے پیش نظر فوج کو طلب کرکے واشنگٹن کے میئر نے ایک دن کے لیے کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ کيپيٹل ہل کی عمارت کو لاک ڈاؤن کر ديا گيا جبکہ کرفيو کا نفاذ مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے ہوگا

صورتحال کشیدہ ہونے پر ٹویٹر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا حالیہ ٹويٹ ڈيلیٹ کرکے ان کا اکاؤنٹ 12 گھنٹے کے لیے بند کر دیا۔ ٹویٹر انتظامیہ کے مطابق ٹرمپ کے 3 ٹویٹ ڈیلیٹ کیے گئے ہیں۔

ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں کہا تھا کہ انتخابات میں عوام کو دور رکھنے سے ایسے واقعات ہوتے ہیں۔ امریکی عوام آج کے دن کو ہمیشہ یاد رکھیں گے جبکہ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں ووٹرز کی حق تلفی کا دعویٰ بھی کیا تھا

Facebook Comments