اتوار 17 جنوری 2021

حکومت پاکستان نے ویڈیو گیمز کھیلنے والوں کیلئے بڑا فیصلہ کر لیا، پاکستانیوں کیلئے شاندار خوشخبری آ گئی

ویڈیو گیمز

اسلام آباد (دھرتئ نیوز) وفاقی حکومت نے ویڈیو گیمز کو باقاعدہ سپورٹس کا درجہ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے بعد ویڈیو گیمز کھیلنے والے بھی کھلاڑی شمارہوں گے، وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اس سلسلے میں اہم اجلاس بلا لیا ہے جس میں تمام تفصیلات طے کی جائیں گی۔

نجی خبر رساں ادارے ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر فواد چوہدری ویڈیو گیمز سے متعلق ایک مفاہمتی یاداشت پردستخط بھی کریں گے جس کے تحت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور دیگر گیمز کے بڑے ایونٹس کی طرح ویڈیو گیمز کے بھی بڑے ایونٹ منعقد ہوں گے اور حکومت ریجن کی سطح پر ٹیمیں بنا کر ویڈیو گیمز کے ٹورنامنٹس کروائے گی۔

 دوسری جانب فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 12 یا 15 سال میں اگر آپ ڈرائیور لیس گاڑیوں کی طرف گئے تو ہزاروں ڈرائیورز کام سے محروم ہو جائیں گے لیکن ہزاروں ڈیٹا انجینئرز کیلئے بھی نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے، ہم الیکٹرک گاڑیوں کی مرمت کے حوالے سے لوگوں کو تربیت دیں گے کیونکہ ہمیں متبادل مارکیٹس کوذہن میں رکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیاں آنے کے بعد ہزاروں لوگ بےروزگارہوجائیں گے، لوگوں کوالیکٹرک گاڑیاں ٹھیک کرنے کی تربیت دینی چاہیے، انجن ٹھیک کرنے والوں الیکٹرک کار ٹھیک کرنے کی تربیت لینی چاہیے۔ وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ ڈاکٹرز کے اب 10، 15 سال ہیں اس کے بعد آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے ڈاکٹرز کا رہنا مشکل ہوجائے گا، جدید ڈاکٹر موجودہ ڈاکٹر سے ہزار گنا زیادہ موثر ہوگا۔