جمعرات 21 جنوری 2021

مصباح الحق اور وقار یونس کو فارغ کرنے کا فیصلہ ہو چکا مگر اس پر عملدرآمد کب کیا جائے گا؟

مصباح الحق

لاہور (دھرتی نیوز اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقہ کیخلاف ہوم سیریز قریب ہونے کی وجہ سے پینک بٹن دبانے سے گریز کیا اور ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باﺅلنگ کوچ وقار یونس پر واضح کر دیا گیا ہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف شکست کی صورت میں انہیں گھر جانا ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق مسلسل شکستوں کی وجہ سے بورڈ حکام کا مصباح الحق اور وقار یونس پر اعتماد تقریباً ختم ہو گیا ہے جبکہ گزشتہ دنوں ہی یہ اطلاعات سامنے آ گئی تھیں کہ انہیں جلد فارغ کر دیا جائے گا تاہم جنوبی افریقہ کیخلاف ہوم سیریز قریب ہونے کے باعث ایسا کرنے سے گریز کیا گیا ہے البتہ دونوں پر واضح کر دیا گیا ہے کہ یہ سیریز ان کیلئے آخری موقع ہے اور شکست کی صورت میں انہیں گھر جانا ہو گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلیٰ حکام کو مشورہ دیا گیا کہ جنوبی افریقہ سے سیریز اب چند دن ہی دور ہے،اگر ابھی ہیڈ کوچ اور باﺅلنگ کوچ کو فارغ کیا گیا تو اس کا ٹیم پر نفسیاتی طورپر اچھا اثر نہیں پڑے گا جبکہ اتنی جلدی نئے کوچز کا تقرر ہونا بھی ممکن نہ ہو گا لہٰذا انتظار کریں، اگر عبوری طور پر کسی کا تقرر کیا اور نتائج پھر منفی ہی رہے تو مزید تنقید سامنے آئے گی۔

جنوبی افریقہ سے میچز کے بعد اگلی سیریز میں ایک ماہ سے زائد وقت ہو گا اور اس دوران نئے کوچز کی تلاش ممکن ہو گی، ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز کرکٹ کمیٹی کی میٹنگ میں مصباح اور وقار پر واضح کردیا گیا کہ جنوبی افریقہ سے سیریز ان کیلئے آخری موقع ہے، اگر شکست ہوئی تو فوراً فارغ کر دیا جائے گا، ان سے کہا گیا کہ کھلاڑیوں کی سلیکشن ٹھیک نہ تھی، پلیئنگ الیون بھی درست منتخب نہیں کی گئی۔