ھفتہ 20 اپریل 2024

مغرور نوریہ کا خواب

مغرور نوریہ کا خواب

سیدہ عطرت بتول نقوی
وہ ساتویں جماعت میں پڑھتی تھی ۔اکلوتی ہونے کی وجہ سے اسے اپنے امی، ابو کا بہت زیادہ لاڈوپیار ملا ،وہ اس کی ہر فرمائش پوری کرتے تھے شاید اسی وجہ سے نوریہ کچھ مغرور ہو گئی تھی اور کسی کو خاطر میں نہیں لاتی تھی اس کے گھر میں ایک پرانی بوڑھی خادمہ موجود تھی جس نے نوریہ کو گودوں میں کھیلایا تھا نوریہ اکثر اس سے بد تمیزی کرتی تھی حالانکہ اس کی امی اسے سمجھاتی تھیں کہ یہ ہماری بہت پرانی ملازمہ ہے اور بہت اچھی خاتون ہے تمہیں اس کا ادب کرنا چاہیے لیکن نوریہ بھلا کہاں سنتی تھی ۔

ان کے سامنے اماں بی یعنی ملازمہ کی بے عزتی کرتی تھی کہ تم نے میرے کپڑے اچھی طرح سے استری نہیں کیے انہیں دوبارہ استری کرکے لاؤ، میرے شوز اچھی طرح سے پالش کرو۔

ایک دفعہ نوریہ کی سہیلیاں آئی ہوئی تھیں ۔بی اماں ٹرے میں شربت کے گلاس رکھ کر لائی نوریہ کو کلاس پر کچھ لگا ہوا محسوس ہوا اس نے بی اماں سے ٹرے پکڑ کر زور سے دیوار میں دے ماری سارے گلاس ٹوٹ گئے شربت بہہ گیا اس نے بڑی بد تمیزی سے بی اماں سے کہا آپ کو کچھ نظر نہیں آتا۔

گلاس اچھی طرح سے نہیں دھوئے ،دوبارہ جا کر اچھی طرح سے شربت بناؤ، بی اماں نے گلاسوں کی کرچیاں اٹھا کر فرش صاف کیا اور آنکھوں میں آنسو لیے کچن کی طرف چلی گئیں ۔
اسی رات نوریہ نے خواب میں دیکھا کہ وہ ایک ملازمہ کے روپ میں ہے اور کسی کے گھر کاکام کررہی ہے اور جو گھر کی مالکن ہے اس نے بہت قیمتی کپڑے پہنے ہوئے ہیں وہ صوفے پر بیٹھی ہے اور جب نوریہ اس کے لئے چائے لے کر جاتی ہے تو اسے محسوس ہوتاہے یہ مالکن اصل میں بی اماں ہے اور وہ غصے سے چائے کا کپ دیوار پر دے مارتی ہے اور کہتی ہے دوبارہ بنا کر لاؤ بس اسی وقت نوریہ کی آنکھ کھل جاتی ہے اسے محسوس ہوتاہے اس کی آنکھوں میں آنسو ہیں ۔

نوریہ پر اس خواب کا بہت اثر ہوتاہے اسے احساس ہوا کہ اگر وہ بی اماں کی جگہ ہوتو یہ کتنی تکلیف دہ بات ہے ۔یہ سوچ کر اپنا رویہ درست کر لیتی ہے ان سے معافی بھی مانگ لیتی ہے سچ ہے کہ انسان جب تکلیف میں مبتلا شخص کی جگہ اپنے آپ کو لا کر دیکھے تو پھر اپنی غلطیوں کا احساس ہوتاہے اب نوریہ بہت اچھی بچی بن گئی کسی کو تنگ نہیں کرتی ۔

Facebook Comments

پیاری بیوی
2021-10-11