جمعرات 25 اپریل 2024

کسانوں نے سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور کی فلم کی شوٹنگ رکوادی لیکن مطالبہ کیا کیا؟ حیران کن خبرآگئی

سری دیوی

ممبئی (دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) بالی ووڈ کی آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپورکو بھارتی پنجاب میں کسانوں نے فلم کی شوٹنگ سے روک دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 11 جنوری کو پنجاب کے علاقے فتح گڑھ صاحب میں فلم ‘گڈ لک جیری’ کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا۔

رپورٹ کے مطابق فلم کی شوٹنگ کے دوران مظاہرین نے فلم کے عملے اور ادکاروں کا گھیراؤ کرلیا اور مطالبہ کیا کہ متنازع زرعی قوانین کے حوالے سے بیان دیں۔

 کسانوں کا کہنا تھا کہ بالی وڈ کی جانب سے ابھی تک ہمارے حق میں کوئی بیان نہیں دیا گیا اور نہ ہی کوئی تبصرہ کیا گیا،جس پر فلم ڈائریکٹر نے یقین دلایا کہ فلم کی ہیروئین جھانوی کپور اس حوالے سے ضرور بیان دیں گی جس کے بعد مظاہرین وہاں سے چلے گئے اور شوٹنگ دوبارہ شروع ہوگئی۔

بعد ازاں جھانوی کپور نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر پوسٹ میں لکھا کہ کسان ہمارا دل ہیں اور میں ملک کو خوراک کی فراہمی کے لیے ان کے کردار کو تسلیم کرتی ہوں، مجھے امید ہے کہ اس مسئلے کا جلد حل نکلے گا جو کہ کسانوں کے حق میں ہوگا۔

خیال رہے کہ بھارت میں کسان 51 روز سے کسان مخالف نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کررہے ہیں اور سیکڑوں کسانوں نے نئی دہلی کے مختلف راستوں پر دھرنا دے رکھا ہے۔

کسانوں اور حکومت سے مذاکرات کے کئی دور ناکام ہوچکے ہیں اور بھارتی حکومت کے ظالمانہ تشدد کے باوجود کسان اپنے مطالبات سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔

ایک روز قبل بھارتی سپریم کورٹ نے متنازع زرعی قوانین پر عمل درآمد تاحکم ثانی روکنے کا حکم دیتے ہوئے کسانوں سے مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دی تھی تاہم کسانوں نے کمیٹی سے بات کرنے سے انکار کردیا ہے اور کہا ہے کہ پہلے قانون واپس لیا جائے پھر بات ہوگی۔

Facebook Comments