جمعہ 19 اپریل 2024

جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں عابد علی کیساتھ کون اوپننگ کرے گا؟ ممکنہ نام سامنے آ گئے

test team

لاہور (دھرتی نیوز) جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے چیف سلیکٹر نے ممکنہ کمبی نیشن کا عندیہ دیدیا ہے جس کے مطابق عبداللہ شفیق اور عمران بٹ میں سے کوئی ایک عابد علی کا پارٹنر ہو گا۔

دھرتی نیوز کی تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران چیف سلیکٹر محمد وسیم نے جنوبی افریقہ کیخلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان کیا اور کہا کہ عابد علی اب نئے پارٹنر کے ساتھ میدان میں اتریں گے، نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والے عبداللہ شفیق یا عمران بٹ میں سے کوئی ایک ان کے ساتھ اوپننگ کرے گا، کامران غلام، سعود شکیل اور سلمان علی آغا اب اظہر علی، بابر اعظم اور فواد عالم کے ہمراہ پاکستان کی مڈل آرڈر بیٹنگ لائن اپ کو تقویت بخشیں گے، ہوم سیریز جیتنے کیلئے 2 سپنرز درکار ہوں گے، ساجد خان مسلسل پرفارم کر رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی بھی ضرورت ہے، یاسر شاہ نے باﺅلنگ اچھی کی لیکن انہیں وکٹیں نہیں مل سکیں،ان کے پاس موقع ہے کہ اس سیریز میں کارکردگی دکھائیں، تابش خان مسلسل 5سال سے ڈومیسٹک سیزن میں کارکردگی دکھا رہے ہیں،سہیل خان پراس لئے ترجیح دی کیونکہ وہ پاکستان کے حالات میں زیادہ موثر اور کارآمد ہیں، حارث رﺅف تیز گیند کر سکتا ہے اس لئے منتخب کیا۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم بہترین اور ہر طرح کی کنڈیشنز میں اچھی کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہے،بڑی ٹیموں کیخلاف جیت کا سلسلہ شروع کرنا چیلنج ہے، سرفراز احمد ہمارے پلان کا حصہ ضرور ہیں لیکن محمد رضوان پہلا انتخاب ہیں۔

Facebook Comments