جمعہ 26 اپریل 2024

جنوبی افریقہ ٹیم کی پاکستان آمد کیساتھ ہی بھارتیوں میں کھلبلی مچ گئی

جنوبی افریقہ

لاہور (دھرتی نیوز اسپورٹس ڈیسک) جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد کیساتھ ہی پاکستان مخالف بھارتیوں میں کھلبلی مچ گئی جنہوں نے سوشل میڈیا پر ’زہر‘ اگلنا شروع کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے 14 سال بعد دورہ پاکستان کوسوشل میڈیا پربے انتہا پذیرائی مل رہی ہے اور کرکٹ کے شیدائی پاکستانیوں نے مہمان ٹیم کی آمد پر اسے زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے خوش آمدید کہا ہے، شائقین کرکٹ نے اسے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی جانب ایک بڑا قدم بھی قرار دیا ہے۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے کرکٹ کے مداح بھی اپنی ٹیم کے دورہ پاکستان پر مسرور نظرآرہے ہیں، انہوں نے ان توقعات کا بھی اظہارکیا ہے کہ دورہ پاکستان کے دوران ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز میں دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے ہوں گے، اس کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ کے کھلاڑی پاکستان کی روایتی اور عمدہ میزبانی سے بھی بھرپور انداز میں لطف اندوز ہوں گے۔

دوسری جانب پاکستان مخالف بھارتیوں میں کھلبلی سی مچ گئی ہے جنہوں نے اپنے منفی طرز عمل کے ذریعے سوشل میڈیا پر غلط پراپیگنڈہ کرنے کی کوشش کی، اس نامناسب رویہ اورسوچ پرکرکٹ کے مداحوں نے ایسے بھارتیوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت اور غیرملکی ٹیموں کی آمد پر بھارتی سخت ہذیانی کیفیت میں مبتلا ہو جاتے ہیں اور ان کو پاکستان کی کامیابی ہضم نہیں ہوتی۔

Facebook Comments