جمعرات 25 اپریل 2024

یہ نوجوان لڑکی 5 سال سے ایک پنجرے میں کیوں بند ہے؟ جان کر کسی کی بھی آنکھیں نم ہوجائیں

نوجوان

منیلا(دھرتی نیوز ڈیسک) فلپائن میں ذہنی عارضے میں مبتلا ایک لڑکی کو اس کے گھر والوں نے گزشتہ 5سال سے ایک پنجرے میں بند کر رکھا ہے جس کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو نے لوگوں کی آنکھیں نم کر دیں۔

میل آن لائن کے مطابق اس 29سالہ لڑکی کا نام بے بے ہے جس 2014ءمیں سائیکوٹک ڈپریشن کی تشخیص ہوئی اور وہ نیگروس آکسیڈنٹل کے ایک ہسپتال میں زیرعلاج رہی۔ ہسپتال میں اس کی حالت کچھ بہتر ہو گئی لیکن جب اسے گھر واپس لایا گیا تو اس کی بیماری پہلے سے زیادہ شدید ہو گئی اور اسے پاگل پن کے دورے پڑنے لگے۔

 رپورٹ کے مطابق اس کی فیملی کے پاس اب اس کا علاج کرانے کے لیے پیسے نہیں تھے چنانچہ انہوں نے اسے اس پنجرے میں بند کر دیا، کیونکہ اپنی ذہنی بیماری کی وجہ سے وہ بسااوقات آپے سے باہر ہو جاتی اور اسے قابوکرنا مشکل ہو جاتا تھا۔ جب اسے دورہ پڑتا تو دوسروں کے ساتھ خود کو بھی نقصان پہنچانے لگتی تھی۔ چنانچہ اسے اپنے آپ کو نقصان پہنچانے سے بچانے کے لیے گھر والوں نے اسے پنجرے میں بند کر رکھا ہے۔

یہ پنجرہ بھی بے بے کے گھر والوں نے ایک فیملی فرینڈ کی مدد سے بنوایا، جس نے چندہ جمع کرکے یہ رقم بے بے کی فیملی کو دی جس سے پنجرہ بنوایا گیا۔ بے بے کی فیملی کا کہنا ہے کہ جب تک بے بے کے علاج کے لیے ان کے پاس رقم نہیں آ جاتی، تب تک وہ اسے اس پنجرے میں رکھنے پر مجبور ہیں۔ واضح رہے کہ بے بے ایک مقامی دکان پر ملازمت کرتی تھی اور پروفیشنل ماڈل بننا چاہتی تھی جب اس میں اس خوفناک بیماری کی تشخیص ہو گئی اور اس کے تمام خواب چکنا چور ہو گئے۔

Facebook Comments