جمعرات 28 مارچ 2024

’اپنی سٹوری بیچنے کیلئے جعلی خبریں نہ پھیلائیں، میں صرف ایک ہی صورت میں ٹیم میں واپس آؤں گا‘ محمد عامر نے زوردار اعلان کر دیا

محمد عامر

لاہور (دھرتی نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر محمد عامر نے قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی کیلئے مشروط رضامندی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی سٹوری بیچنے کیلئے مجھ سے متعلق جعلی خبریں نہ پھیلائیں۔

دھرتی نیوز کی تفصیلات کے مطابق گزشتہ دو دنوں سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ فاسٹ باﺅلر محمد عامر پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے کھیلنے پر رضامند ہوگئے ہیں تاہم آج محمد عامر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان دے کر اس بات کی وضاحت کردی۔

فاسٹ باﺅلر محمد عامر نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ میں واضح کردوں کہ میں پاکستان کیلئے دستیاب ہوں گا صرف اس وقت جب یہ مینجمنٹ چھوڑ کر چلی جائے گی لہٰذا صرف اپنی سٹوری بیچنے کیلئے مجھ سے متعلق جعلی خبریں نہ پھیلائیں۔

واضح رہے دورہ نیوزی لینڈ کیلئے 35 رکنی سکواڈ میں منتخب نہ ہونے پر فاسٹ باﺅلر محمد عامر نے لنکن پریمیر لیگ (ایل پی ایل) سے واپسی پر اچانک قومی کرکٹ ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔

ریٹائرمنٹ سے متعلق اپنے بیان میں محمد عامر نے قومی کرکٹ ٹیم کی موجودہ مینجمنٹ خاص طور پر ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باﺅلنگ کوچ وقار یونس پر متعدد الزامات عائد کئے اور ان کی مینجمنٹ میں کھیلنے سے انکار کردیا۔

 محمد عامر کی جانب سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے بھی ان سے رابطہ کیا اور انہوں نے اس بات کی تصدیق کہ محمد عامر پاکستان کیلئے مزید کھیلنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔

بعد ازاں ہیڈکوچ مصباح الحق اور وقار یونس دونوں نے محمد عامر کو ٹیم میں شامل نہ کرنے کی وجہ صرف خراب کارکردگی بتائی اور کہا کہ وہ دوبارہ پرفارم کرکے ٹیم میں واپس آسکتے ہیں لیکن عامر نے ایک بار پھر ان کی موجودگی میں کھیلنے سے صاف انکار کردیا ہے۔

Facebook Comments