جمعہ 19 اپریل 2024

سعودی عرب میں جعل سازوں نے دھوکہ دہی کا نیا طریقہ اپنا لیا، شہری ہوشیار!

دھوکہ

ریاض:(دھرتی نیوز ڈیسک) سعودی عرب میں دھوکے باز اب بینک کا جعلی عملہ بن کر شہریوں سے ذاتی معلومات اکھٹی کرنے لگے ہیں، متعلقہ اداروں نے لوگوں کو ہوشیار رہنے کی ہدایت کردی۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جعل ساز خود کو بینک کا اسٹاف کہہ کر اکاؤنٹ سے متعلق ذاتی معلومات تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اسی ضمن میں مقامی نیوز چینل کے عملے کو متعدد ایسی کالز موصول ہوئیں، نمبرز مقامی تھے لیکن دوبارہ کالز کرنے پر بات نہیں ہوسکی۔

رپورٹ کے مطابق دھوکے باز کالز کرکے گاہکوں کو بینک اکاؤنٹ اور اے ٹی ایمز کو اپ ڈیٹ کروانے کا کہتے ہیں اس طرح وہ ذاتی معلومات حاصل کر لیتے ہیں جس سے صارفین کو مالی طور پر بڑا دھچکا بھی لگ سکتا ہے۔

بینک حکام نے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کی کالز پر کان نہ دھریں اور کسی کو بھی اپنی ذاتی معلومات دینے سے گریز کریں کیوں کہ بینک ایسی معلومات ایس ایم ایس یا فون کال کے ذریعے حاصل نہیں کرتے۔

ریاض میں کنگ سعود یونیورسٹی میں سائبر سکیورٹی کے پروفیسر محمد خرم خان کا کہنا ہے کہ پہلے جعل ساز ای میل کے ذریعے اس طرح کی دھوکے بازی کرتے تھے لیکن اب انہوں نے کالز کے ذریعے یہ سلسلہ شروع کردیا ہے۔

Facebook Comments