بدہ 24 اپریل 2024

پی ڈی ایم کا الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج، شیخ رشید نے بڑا فیصلہ کرلیا

احتجاج

اسلام آباد :(دھرتی نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پی ڈی ایم کے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کی صورتحال خود مانیٹر کرنے کا فیصلہ کرلیا اور کہا امید ہے پی ڈی ایم الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج پر امن رکھے گی۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کی مانیٹر کیلئے وزارت داخلہ میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے ، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا صورتحال خود مانیٹر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

شیخ رشید نے سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر کے ہمراہ کنٹرول روم کا دورہ کیا اور کنٹرول روم میں سہولتوں کا جائزہ لیا ، وزارت داخلہ کےکنٹرول روم سے اسلام آباد کو مانیٹر کیا جائے گا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ شہر میں امن وامان بحال رکھنےکیلئےہر چیز پر نظر رکھی جائے گی اور کیمروں سے داخلی راستوں کی سخت نگرانی کی جائے گی۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج کی اجازت ہے ، شاہراہ دستور پر پہلی دفعہ اجازت دی گئی ہے ، امید ہے پی ڈی ایم الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج پر امن رکھے گی۔

خیال رہے پی ڈی ایم کے احتجاج کے پیش نظر الیکشن کمیشن کے باہر سخت سیکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں اور سیکیورٹی اسلام آباد پولیس اور رینجر کے سپرد کردی گئی ہے جبکہ ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے واٹر کینن بھی پہنچا دئیے گئے ہیں۔

واچ ڈاگ کی مدد سے سرچنگ اور میٹل ڈیٹکٹر سے شاہراہ دستور کوکلیئر کرانے کا عمل جاری ہے ، اس موقع پر بی ڈی ایم بھی موجود ہے۔

Facebook Comments